تازہ ترین

کوئی طاقت غریبوں کو کم از کم آمدنی دینے سے نہیں روک سکتی: راہل گاندھی

7 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
 پٹنہ// کانگریس صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز کہا کہ کوئی بھی طاقت ملک میں تمام غریبوں کو کم از کم آمدنی دینے سے نہیں روک سکتی۔ اڈیشہ کے ایک روزہ دورے پر آنے والے مسٹر راہل گاندھی نے ضلع کالا ہانڈی کے بھواني پٹنہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے غریبوں اور آدی باسیوں کونظر انداز کئے جانے کا وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی نوین پٹنائک پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مسٹر نریندر مودی نے اپنے 15 صنعتکار دوستوں کے ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے کا قرض معاف کر دیا اور کسانوں کے لئے محض 17 روپے یومیہ دینے کا اعلان کیا جسے بی جے پی ایک تاریخی فیصلہ بتا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ "میں ملک کے تمام شہریوں کے بینک اکاؤنٹس میں 15 لاکھ روپے دینے کا وعدہ نہیں کر سکتا لیکن میں یہ یقین ضرور کر سکتا ہوں کہ کانگریس ملک کے تمام غریبوں کو کم از کم آمدنی دستیاب کرائے گي اور یہ رقم براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائی جائے گی"۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ان کے خاندان کا کالا ہانڈی کے عوام سے پرانا ناطہ رہا ہے اور وہ سیاسی لیڈر کی حیثیت سے نہیں، بلکہ ایک خاندان کے رکن کے طور پر یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی نے کالا ہانڈی اور کیبیکے علاقے پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کہاکہ "آپ لوگوں کو خصوصی توجہ اور خصوصی مدد درکار ہے کیونکہ یہاں کے پسماندہ لوگ ریاست کے دیگر اضلاع کے عوام سے اپناموازنہ نہیں کر سکتے ۔ مرکز کی مودی حکومت اور ریاست کی بی جے ڈی حکومت نے آپ کونظر انداز کیا ہے اور آپ سے 'زمین، پانی اور جنگل' چھینا ہے ۔ اس دوران کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر کسانوں کی بدحالی اور نوجوانوں کی بے روزگاری کو لیکر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور حکومت میں ملازمین کیلئے کام نہیں ہے اور سرکار صرف جملہ بازی کررہی ہے ۔مسٹر راہل گاندھی نے بدھ کو ٹوئٹ کیا ‘‘کسانوں کو صحیح دام نہیں ملتا ،نوجوانوں کو صحیح کام نہیں ملتا ،جملہ راجہ کے چوپٹ راج میں ،کسی کرم یوگی کو سمان نہیں ملتا’’۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگست2018تک دوسال کے دوران اترپردیش میں نئے بے روزگاروں کی تعداد 9 لاکھ ہوگئی ہے جبکہ ریاست میں کل بے روزگار 22لاکھ ہیں جن میں سے 7لاکھ گریجویٹ ہیں۔یو این آئی،