تازہ ترین

بٹہ مالوہ میں محفل مشاعرہ

نوجوان شعراء اور قلمکاروں کی شرکت

7 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر// بٹہ مالو میں غالب لیٹرسی سوسائٹی اورکشمیر بک گروپ پرموشن کی طرف سے محفل مشاعرہ منعقد ہوا،جس میں نوجوان اور معروف شاعروں کے علاوہ ادباء اور قلمکاروں نے شرکت کی۔تقریب میں ماہر اردو ڈاکٹر نذیر آزاد اور کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کے پروفیسر ناصر مرزا مہمان خصوصی تھے۔ مشاعرے کااہتمام میںمیزان پبلشرز اور بٹہ مالو ٹریڈرس فیڈریشن نے اشتراک دیا تھا۔ تقریب کے دوران کئی نوجوان خواتین نے بھی اپنا کلام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔ مقررین نے نوجوان اور کہن مشق شاعروں کے ملن کو ایک نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں سے نوجوان شاعروں کی جہاں حوصلہ افزائی ہوگئی اور انہیں پلیٹ فارم بھی مہیا ہوا، وہیں کہنہ مشق شاعروں سے اُنہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ڈاکٹر نذیر آزاد نے نوجوان اردو اسکالروں و شاعروں کو مشق و محنت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ درپیش مسائل کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اردو زبان کو ختم کرنے کیلئے منصوبے بنائے جا رہے ہیں تاہم ان منصوبوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہیں۔مشاعرے کے دوران اردو زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مقررین نے کہا کہ واہ ویلا کرنے کے بجائے مشترکہ طور پر اردو زبان کی ترویج،تشہیر اور ترسیل کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ نسل کیلئے یہ کاوشیں نقش پا رہیں ۔مشاعرے میں غالب لیٹرسی سوسائٹی کے عرفان قریشی،میزان پبلشرز کے شبیر ماٹجی،ٹریڈرس فیڈریشن بٹہ مالو کے امتیاز الحسن،صحافی و مدرس راشد مقبول،صحافی فردوس الرحمان،سید تجمل اور نوجوان قلمکار و شاعر اعجاز طالب بھی موجود تھے۔