تازہ ترین

کانگریس آئندہ اسمبلی انتخابات میں واپسی کرے گی :میر

پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کارکنوں کو متحرک ہونے کی تلقین

8 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یٰسین جنجوعہ
 جموں //پردیش کا نگریس کمیٹی کے ریاستی صدرغلام احمد میر نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس ریاستی کے تینوں خطوں میں کامیاب پارٹی کے طورپر سامنے آنے کے بعد حکومت میں واپسی کرے گی ۔انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی ہر بار انتخابات کے دنوں میں عوام کیساتھ بلند و بانگ وعدے کرتی ہے تاہم اقتدار میں آنے کے بعد عوامی مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔صوبہ جموں کے تمام اضلاع کے پارٹی صدور سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی ملک میں واحد ایک سیکولر جماعت ہے جوکہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ کام کرتی آئی ہے ۔موصوف نے کہا کہ کانگریس آئندہ اسمبلی انتخابات میں ریاست کے تینوں خطوں میں اہم کامیابی حاصل کرے گی جبکہ ریاست میں سیاحت کی ترقی اور عوام کی اقتصادی حالت بہتر بنانا پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔انہوں نے سابقہ مخلوط حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ریاست میں سیاحتی شعبہ کو شدید نقصان پہنچایاگیا جس کی وجہ سے عوام کی اقتصادی حالت بھی متاثر ہو ئی ۔میرنے پارٹی کارکنوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھاجپا کی آئندہ انتخابات کے سلسلہ میں مبینہ غیر معقول پالیسیوں کے خداشات کے سلسلہ میں عوام کو متحرک کرنے کا کام کریں جبکہ آئندہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی کو زمینی سطح پر مزید مضبوط کرنے کیلئے کمر بستہ ہو جائیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پارٹی سنیئر لیڈر رمن بھلہ نے کہا کہ بھاجپا کی غیر معقول پالیسیوں ی وجہ سے اس وقت خطہ جموں کی عوام متعدد مسائل میں مبتلا ہو چکی ہے ۔موصوف نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی قیادت کی جانب سے عوام کیساتھ گزشتہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کے دوران متعدد وعدے کئے گئے ہیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی نے عوامی مسائل کو یکسر نظر انداز کر دیا ۔اس اجلاس کیساتھ دیگر سنیئر لیڈران نے بھی خطاب کئے ۔