تازہ ترین

رونال اور روہت کی بدولت ہندوستان کی سیریز میں برابری

9 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
آکلینڈ/ہندوستان نے میزبان نیوزی لینڈ کو جمعہ کو آکلینڈ کے ایڈن پارک میں دوسرے ٹوئنٹی -20 مقابلے میں سات وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر کر لی۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ لیا اور 20 اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 158 رنز بنائے ۔ ہندستان نے کپتان روہت کے 50 اور نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت کی ناٹ آؤٹ 40 رن کی شاندار اننگز سے 18.5 اوور میں تین وکٹ پر 162 رنز بنا کر سیریز میں برابری کر لی۔ ہندستان کی نیوزی لینڈ کی زمین پر ٹوئنٹی -20 میں یہ پہلی جیت ہے ۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ اتوار کو ھیملٹن میں کھیلا جائے گا۔ہندستان نے پہلے میچ میں ملی 80 رن کی شکست کے جھٹکے سے نکلتے ہوئے گیند اور بلے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کو دھو کر رکھ دیا۔ روہت اور شکھر دھون (30) نے پہلے وکٹ کے لئے 9.2 اوور میں 79 رن جوڑ کر ہندستان کو شاندار شروعات دی۔روہت نے تیز اننگز کھیلتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر 50 رنز میں تین چوکے اور چار چھکے اڑائے ۔ روہت کا وکٹ گرنے کے بعد شکھر کا وکٹ 88 کے اسکور پر گرا۔ شکھر نے 31 گیندوں پر 30 رن میں دو چوکے لگائے ۔ روہت کو لیگ اسپنر ایش سوڈھي نے اور شکھر کو لوکی فرگوسن نے آؤٹ کیا۔اوپنروں کی شراکت نے ہندستان کو جیت کی منزل پر ڈال دیا۔ وجے شنکر نے آٹھ گیندوں پر 14 رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ شنکر کا وکٹ 14 ویں اوور میں 118 کے اسکور پر گرا۔ اس کے بعد ہندوستان وکٹ کیپنگ کے موجودہ ذمہ دار مہندر سنگھ دھونی اور مستقبل کے رشبھ پنت نے جم کر کھیلتے ہوئے ہندستان کو سات گیند باقی رہتے سات وکٹ کی جیت سے منزل پر پہنچا دیا۔