تازہ ترین

چیف سیکرٹری کا صوبائی انتظامیہ سے رابطہ

برف ہٹانے، بجلی اور اشیاء ضروریہ کی فراہمی کا جائیزہ لیا

9 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کشمیر کی صوبائی و ضلع انتظامیہ کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے وادی میں برف ہٹانے، بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی، اشیاء ضروریہ و پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا جائیزہ لیا۔صوبائی کمشنر کشمیر نے برف ہٹانے کی کاروائیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام بڑی سڑکوں سے برف ہٹائی گئی ہے تا ہم کل صُبح تک دیگر چھوٹی سڑکوں سے بھی برف ہٹائی جائے گی۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ شہر سرینگر میں95 فیصد بجلی بحال کی گئی ہے جبکہ دیگر اضلاع میں یہ عمل پورا کرنے کے لئے ایک دِن کا وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ چند واٹر سپلائی سکیموں کو چھوڑ کر باقی تمام سکیمیں معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا کہ پتنی ٹاپ اور رام بن کے درمیان جموں سرینگر شاہراہ پر300 ٹینکر/ ٹرک کشمیر کی طرف روانہ کئے جارہے ہیں اور جوں ہی ٹریفک بحال ہوگا یہ گاڑیاں پیٹرولیم مصنوعات لے کر کشمیر پہنچیں گی۔