ڈائریکٹر ہیلتھ سروس جموں کا کشتواڑ کے متعدد علاقوں کا دورہ

مریضوں کوبہترطبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

ڈار محسن
کشتواڑ// ڈائریکٹر ہیلتھ سروس جموں ڈاکٹر سمیر مٹو نے آج ضلع کشتواڑ کے متعدد علاقوں کا دورہ اور حالات کا بہتر جائزہ لیا۔ اس دوران، ڈائریکٹر نے دوردراز علاقوںمڑوہ اور دچھن کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا اور مقامی مریضوں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں ڈاکٹروں کو سخت ہدایت دی۔علاقہ مڑوہ کا جائزہ لینے کے بعد ڈائرکٹر نے ایک ڈاکٹر کو دیگر علاقہ میں منتقل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ علاقہ مڑوہ کے ضلع اسپتال پہنچے میں کافی وقت لگتا ہے لہذا متعلقہ حکام کی کوشش ہے کہ مقامی لوگوں کو ان کے آبائی علاقے میں تمام طبعی سہولیات فراہم کی جائیں۔ دریں اثنا، ڈائریکٹر مٹو نے ضلع اسپتال کشتواڑ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعدد مریضوں سے بات چیت کرکے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ عام مریضوں اور دوردراز علاقوں سے وابستہ مریضوں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی پوری کوشش کریں۔ نمائندہ سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ضلع اسپتال کشتواڑ میں فراہم کی گئی سہولیات کے بارے میں کئی بار مختلف شکایات موصول ہوئی ہیں جن پر انتظامیہ کی جانب سے مکمل جانچ کر نے کے بعد ان پر جلد غور کیا جائے گا۔مقامی سی ایم او کشتواڑ عبدالمجید نے بتایا کہ ضلع اسپتال میں سٹاف کی کمی کو ڈائریکٹر کے سامنے رکھا گیا ہے انہوں نے جلد پُرکرنے کے یقین دہانی کرائی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ مریضوں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے میں ضلع اسپتال و متعلقہ انتظامیہ پوری کوشش کررہا ہے حالانکہ آج ہی متعدد مریضوں کو مزید علاج کے لئے ہوائی جہاز کے ذریعے جموں منتقل کیا گیا ہے جن میں زیادہ تر مریض دوردراز علاقوں سے وابستہ ہیں۔
 

تازہ ترین