تازہ ترین

۔186مسافرجموں سے سرینگر ایئرلفٹ

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یوگیش سگوترہ
جموں//اتوار کو انڈین ایئرفورس نے 180 درماندہ کشمیری مسافروں کو جموں سے بذریعہ ہوائی جہاز سرینگر پہنچایا۔یہ مسافر پچھلے کئی دنوں سے جموں میں درماندہ تھے ۔دفاعی ترجمان کے مطابق ایئرفورس نے جموںوکشمیر حکومت کی درخواست پرسی ۔17گلوب ماسٹر کا خصوصی طیارہ چلاکر درماندہ مسافروں کو سرینگر منتقل کیا۔انہوںنے بتایاکہ جموں سرینگر شاہراہ کے بند رہنے کی وجہ سے جموں میں درماندہ افراد کی مدد کیلئے خصوصی ہیلی کاپٹر کا اہتمام کیاگیا۔اس دوران سرینگر منتقل کئے گئے مسافروں میں مزدور، خواتین اور بچے بھی شامل تھے جنہوں نے کئی راتیں بس اڈہ اور دیگر مقامات پر بغیر سوئے ہوئے گزار دیں ۔ڈپٹی کمشنر جموں رمیش کمار نے بتایاکہ 186درماندہ مسافروں کو سرینگر پہنچایاگیاہے جن میں پانچ سال سے کم عمر 16بچے بھی شامل ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھاری برفباری اور پسیاں گرآنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک مسلسل بند ہے جس کے نتیجہ میں سینکڑوں مسافر جموں اور دیگر مقامات پر درماندہ ہیں ۔ان مسافروں کوشدید مشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے اور ان میں کئی کے پاس کھانے پینے کابھی کوئی انتظام نہیں ۔