خون سے مزیّن تحریک کی کامیابی کیلئے استقامت اور یکجہتی لازمی

مزاحمتی جماعتوں کا معرکہ کولگام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//حریت (گ)،حریت (ع)،لبریشن فرنٹ،مسلم لیگ، دختران ملت ،سالویشن مومنٹ اور اسلامی تنظیم آزادی نے معرکہ کولگام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا ہے جب کشمیری نوجوانوں کو بے دردی اور بے رحمی سے قتل نہ کیا جارہا ہو۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے معرکہ کولگام میں جاں بحق ہوئے 5جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے غصب شدہ حقوق کی بازیابی کی جنگ لڑنے والوں کو دہشت گرد قرار دے کر ریاست کے چپہ چپہ کو لالہ زار بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب جوانوں کو بڑی بے دردی اور بے رحمی سے قتل نہیں کیا جارہا ہو۔انہوں نے کہا کہ خونین تحریک ان بے مثال قربانیوں سے بہت ہی مقدس بن چکی ہے اورہم میں سے کوئی بھی دانستہ یا نادانستہ طور اس کو سبوتاژ کرنے کی معمولی سی لغزش کا بھی متحمل نہیں ہوسکتا۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کے ارباب اقتدار کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ طاقت کے استعمال سے آج تک کسی جذبے کو زیر نہیں کیا جاسکا ہے اورنہ ہی قتل وغارت گری کے لامتناہی سلسلہ کو دوام بخشنے میں کبھی کامیاب ہوا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ زندہ قومیں ان سرفروشوں کو کبھی بھی اور کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کرتی ہے، جو ان کے’کل‘ کیلئے اپنے ’آج‘ کو قربان کرتے ہیں۔ وہ صدیوں تک یاد کئے جاتے ہیں اور وہ دوسروں کیلئے سرچشمۂ قوت کا کام کرتے رہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ان جوانوں کو خراج پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس مشن کے ساتھ وفا کی جائے اور اس کو ہر صورت میں آگے بڑھایا جائے، جس کیلئے انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ حریت (ع) نے فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران کیلر کولگام میںجاں بحق ہوئے 5 عسکری نوجوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل مدت سے حق و صداقت پر مبنی بلند نصب العین کیلئے ہمارے نوجوان اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں تاکہ مظلوم قوم کو اُن کا پیدائشی حق یعنی حق خود ارادیت کو بازیاب کرایا جاسکے۔ انہوں نے خون سے مزین تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے استقامت ، عزیمت ، اتحاد اور یکجہتی کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس عظیم مقصد کیلئے ناقابل فراموش تاریخ رقم کی جارہی ہے اوراُسے پائے تکمیل تک پہنچانے کیلئے قیادت عہدہ بندہے اور تحریک آزادی کے ساتھ کسی بھی فرد یا جماعت کو کھلواڑ کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی۔ بیان کے مطابق حکومت ہند کے توسیع پسندانہ عزائم کے نتیجے میں مزاحمتی قیادت کی پُر امن سیاسی سرگرمیوں کو مسدود کرنے نہتے عوام پر انسانیت سوز مظالم ڈھانے اور کشمیری نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کرنے کی مذموم پالیسی کی وجہ سے آئے روز کشمیری نوجوانوں کے غم و غصے میں جہاں شدید اضافہ ہورہا ہے وہاں وہ تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کئے جارہے ہیں ۔بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئی کہ حکومت ہند کو اس تلخ حقیقت کا احساس اور ادراک کرنا ناگزیر ہے کہ کشمیر ایک حل طلب دیرنہ سیاسی تنازعہ اور زندہ حقیقت ہے اور اسے فوجی قوت اور آمرانہ پالیسیوں سے حل کرنے کے بجائے سیاسی طور پر ہی حل کیا جاسکتا ہے۔بیان میں کہا کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے اور اس کے سیاسی مستقبل کا وہی فیصلہ قابل قبول ہوگا جس میں کشمیریوں کی خواہشات ، احسات اور امنگوں کو ملحوظ نظر رکھا جائے گا۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کولگام میں جاں بحق ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کولگام میں جا بحق ہوئے پانچ جوانوں کا واحد قصور یہی تھا کہ انہوں نے آزادی حاصل کرنے کی چاہ کی اور اس کی خاطر جان کی بازی لگادی ۔ یاسین ملک نے کہا کہ یہ جوان اپنی قربانیوں سے سرزمین کشمیر اور اس کے باسیوں کو اپنا مقروض کر رہے ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان قربانیوں کی حفاظت کرتے رہیںاور ان کے مشن کو حصول مقصدتک جاری رکھنے کا عزم بالجزم کرلیں۔ مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی نے کہا کہ ہماری تعلیم یافتہ نسل جس طرح اپنے عزیز و اقارب اور عیش و عشرت کو ٹھکرا کر اپنی چڑھتی جوانیاں پیش کر رہی ہے وہ کوئی شوق اور جنون نہیں ہے بلکہ یہ ہندوستان کی ضد اور ہٹ دھرمی ہے جس نے ان نوجوانوں کے پیدائشی حقوق سلب کئے ہیں جس کی وجہ سے تنگ آکر یہ انتہائی اقدام کرنے پر مجبور ہوگئے ۔مسلم لیگ کے ایک اور دھڑے کے ترجمان محمد صعاد نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہادرنوجوان ریاست کی آزادی کیلئے اپنی  عزیز جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ دختران ملت نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قربانیاں عنقریب رنگ لائیں گی۔صرف اس بات کی ضرورت ہے کہ کشمیر کے لوگ استقامت کا مظاہرہ کریں۔ ترجمان نے کہا کہ آزادی کی جد و جہد میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن آزادی کی صبح کشمیر میںضرور طلوع ہوگی۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر پاک خون سے عبارت ہے اوریہ لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی ۔اسلامی تنظیم آزادی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے غیور نوجوان اپنی اْٹھتی جوانیوں سے تحریکِ حقِ خودارادیت کو پروان چڑھا رہے ہیں۔
 

تازہ ترین