تازہ ترین

مودی نے ہری جھنڈی دکھا کر‘ وندے بھارت ایکسپریس ’کو روانہ کیا

16 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی پہلی بغیر انجن والی انتہائی ہائی اسپیڈ ٹرین‘وندے بھارت ایکسپریس’ کو قوم کو وقف کیا اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے ہری جھنڈی دکھا کر اس کوپہلے سفر پر روانہ کیا۔مسٹر مودی نے اس موقع پر کہا کہ انڈین ریلوے جدیدیت کی راہ پر تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ان کی حکومت یہ رفتار دینے کے لئے مصروف عمل ہے ۔ انہوں نے کہا‘‘گزشتہ برسوں میں ریلوے ایک ایسا سیکٹر رہا ہے جس نے 'میک ان انڈیا' کے تحت مینوفیکچرنگ میں بہت ترقی کی ہے ۔ ملک میں ریل کوچ فیکٹریوں کو مارڈن بنانے ، ڈیزل انجنوں کی جگہ پر الیکٹرک انجنوں کا استعمال اور اس کے لئے نئی فیکٹری شروع کرنے کا کام کیا گیا ہے ’’۔ٹرین -18 نام سے جانی جانے والی اس ٹرین کو چنئی کی انٹیگریٹڈ کوچ فیکٹری میں تیار کیا گیا ہے ۔ یہ دہلی سے وارانسی تک کا سفر آٹھ گھنٹے میں مکمل کرے گی۔اس سفر میں فی الوقت تقریباً 13-14 گھنٹے کا وقت لگتا ہے ۔ اتوار سے عام لوگوں کے لئے اس کی باقاعدہ سروس شروع ہو جائے گی اور یہ پیر اور جمعرات کو چھوڑ کر ہفتے میں باقی پانچ دن چلے گی۔وزیر اعظم نے ریلوے میں جدیدیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے آن لائن ریزرویشن میں ایک منٹ میں 2000 سے زیادہ ٹکٹ بک نہیں ہو سکتے تھے .گزشتہ برسوں میں ریلوے کی ویب سائٹ صارفین کے لئے کافی دوستانہ ہوئی ہے ۔ اب ایک منٹ میں 20 ہزار سے زیادہ ٹکٹ بک ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ایک ریلوے کا ایک پروجیکٹ منظور ہونے میں دو سال کا وقت لگ جاتا تھا. اب ایک منصوبے کو تین چار ماہ یا زیادہ سے زیادہ چھ ماہ میں منظوری مل جاتی ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ جب ان کی حکومت بنی تھی اس وقت ملک میں 8300سے زائد بغیر گارڈ والے کراسنگ تھے ۔آج سبھی براڈ گیج لائنوں پر ایسے ریلوے کراسنگ کو ختم کردیا گیاہے ۔