تازہ ترین

جموں کشمیر سرکار کے نام پریس کونسل آف انڈیا کی نوٹس ؛کشمیر ایڈیٹرس گلڈ کاخیر مقدم

15 مارچ 2019 (10 : 03 PM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

سرینگر/کشمیر ایڈیٹرس گلڈ (کے ای جی) نے جمعہ کو پریس کونسل آف انڈیا کی طرف سے ریاست جموں کشمیرکی سرکار کے نام اُس نوٹس کا خیر مقدم کیا ہے جو انگریزی روزنامہ گریٹر کشمیر اور کشمیر ریڈر پر سرکاری اشہارات کی پابندی کولیکر تشویش کا اظہار کرنے کیلئے جاری کی گئی ہے۔

کے ای جی نے ایک بیان میں پی سی آئی کی نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اقدام سے ذرائع ابلاغ کے اداروں کو مصائب میں مبتلاء کیا گیا ہے۔

پی سی آئی نے کشمیر ایڈیٹرس گلڈ کی شکایت اور کشمیر کے بڑے اخبارات کے احتجاج کے بعد گریٹر کشمیر اور کشمیر ریڈر کوکوئی وجہ بتائے بغیر سرکاری اشتہارات پر پابندی کا نوٹس لیتے ہوئے سرکار کے نام نوٹس جاری کی ہے۔

  پی سی آئی نے جموں کشمیر سرکار کے ساتھ ساتھ ریاستی انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے نام بھی نوٹس جاری کردی ہے۔

پی سی آئی نے پہلے ہی کہا ہے کہ ایسے واقعات پریس کی آزادی محدود کرنے کے مترادف ہے۔

یاد رہے کہ ماہ فروری میں ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی انتظامیہ نے دو اہم اخبارات کے سرکاری اشتہارات معطل کردیئے اور اس کیلئے کوئی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔

کشمیر سے شائع ہونے والے اکثر انگریزی اور اردو روزناموں نے گذشتہ اتوار کو اپنے پہلے صفحوں پربطور احتجاج کوئی خبر شائع نہیں کی تھی۔