حد متارکہ کے قریبی گاؤں سیال کی 3کلو میٹر سڑک خستہ حالی کا شکار

۔ 5ہزار کی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم

15 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

حسین محتشم

  تعمیر 2002میں شروع ہوئی، 17سال بیت جانے کے بعد بھی نامکمل 

 
منڈی//سرحدی ضلع پونچھ کے حدمتارکہ کے قریبی گاؤں کھڑی سیال کی سڑک کا کام سدبھاونا اسکیم کے تحت فوج نے 2002 میں شروع کروایا تھالیکن ابھی تک تعمیر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی کٹائی کے بعد اس طرف کو ئی دھیان نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے مذکورہ سڑک پر گاڑیوں کا چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔مقامی لو گوں نے کہاکہ 2005میں انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ سڑک کی تعمیر کا کام محکمہ تعمیر ات عامہ کے سپرد کیا گیاجس پر ابھی تک کوئی بھی تعمیرات نہیں کی گئی اور نہ ہی اس پر تارکول بچھائی گئی جس کی وجہ سے آج اس سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے ۔ کھڑی کرماڑہ مین سڑک سے سیال تک محض 3 کلو میٹر سڑک کی تعمیر کا کام 17 سال کے طویل عرصہ کے گزر جانے کے بعد بھی مکمل نہیں ہونے پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگو ںنے کہا ایک طرف سرکار ترقیاتی کاموں میں تیزی لا کر انہیں مکمل کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے وہیں دوسری جانب زمینی سطح پر یہ دعوے کھوکھلے پائے جا رہے ہیں جس کا واضح ثبوت حد متارکہ کے قریبی علاقہ کی یہ نامکمل سڑک ہے۔ محمد فاروق بجاڑ نامی شخص نے بتایا کہ اس سڑک کا کام 2002 میں لگایا گیا تھا لیکن ابھی تک اس سڑک پر تارکول نہیں بچھایا گیا اور نہ ہی محکمہ تعمیرات عامہ کا کوئی فرد عرصہ دراز سے اس سڑک کو دیکھنے آیا جو انتہائی افسوس کا مقام ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی گاؤں کی عوام لگا تار ہو نے والی گولہ باری کی وجہ سے پریشان ہیں وہی ان لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کئے جانے کی وجہ سے بھی یہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے پانچ ہزار کی آباد ی متاثر ہو رہی ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ جس دور میں یہ سڑک تعمیر کی گئی تھی اس پر کنکریٹ وغیرہ بچھایا گیا تھا تو کچھ عرصہ تک لوگوں کو اس سے بڑی راحت ملی تھی لیکن ساتھ ساتھ مرمت نہ ہونے کی وجہ سے یہ سڑک پھر سے ایک نالے میں تبدیل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ایک 80سالہ بزرگ علم دین نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے کئی مرتبہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے اعلیٰ آفیسران سے ملا قاتیں کی ہیں تاہم انہوں نے صرف یقین دہانیاں کروائی ہیں جبکہ عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکور ہ سڑک کی حالت بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
 

تازہ ترین