انضمام الحق کی کرسی ہلنے لگی

ورلڈ کپ سے مستقبل کا فیصلہ

15 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 کراچی/ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی کرسی ہلنے لگی لہٰذا ورلڈکپ میں ٹیم کے نتائج توقعات کے مطابق نہ رہے تو معاہدے میں توسیع نہیں ہو گی۔انضمام الحق کو2016میں پاکستانی کرکٹ چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا، ان کے دور میں ٹیم کے نتائج ملے جلے رہے، البتہ چیمپئنز ٹرافی کا فاتح دستہ انھوں نے ہی منتخب کیا تھا، ورلڈکپ کیلئے اسکواڈ کا اعلان18اپریل کو ہونا ہے، اس کے بعد اگلی سیریز تک انضمام کا پی سی بی سے معاہدہ ختم ہو جائے گا،اگر میگا ایونٹ میں نتائج توقعات کے مطابق نہ رہے تو انضمام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں ہو گی۔ذرائع نے بتایا کہ بورڈ حکام چیف سلیکٹر کے کام سے مطمئن نہیں ہیں،ان پر مختلف حلقوں کی جانب سے اقربا پروری سمیت کئی باصلاحیت کرکٹرز کو نظرانداز کرنے کے الزامات لگتے رہتے ہیں،آسٹریلیا سے یو اے ای میں ون ڈے سیریز کیلئے کپتان سرفراز احمد سمیت کئی سینئرز کو آرام کرانے اور پھر 0-5 سے شکست پر بھی وہ میڈیا کی تنقید کا نشانہ بنے، سلیکشن معاملات میں انضمام کپتان سرفراز احمد کو بھی اکثر نظرانداز کرتے رہے ہیں۔ایم ڈی وسیم خان ڈھکے چھپے الفاظ میں واضح کر چکے کہ سلیکشن کمیٹی کے کنٹریکٹ میں توسیع کا انحصار ورلڈکپ میں ٹیم کی پرفارمنس پر ہے،انضمام بورڈ سے ہر ماہ 12 لاکھ روپے سے زائد تنخواہ وصول کرتے ہیں،کمیٹی میں توصیف احمد، وسیم حیدر اور وجاہت اللہ واسطی بھی شامل مگر تینوں کا کام ربڑ اسٹیمپ کا ہوتا ہے اور وہ اپنے چیف کے سامنے زبان نہیں کھولتے، اکثر غیرملکی ٹورز میں بھی انضمام خود ہی چلے جاتے ہیں۔

تازہ ترین