اننت ناگ ضلع میں لوک سبھا پولنگ کے تیسرے مرحلے کے تحت ووٹنگ جاری

23 اپریل 2019 (36 : 09 AM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

سرینگر/سخت ترین حفاظتی بند و بست کے بیچ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں منگل کو لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کے تحت ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

اننت ناگ میں ووٹ ڈالنے کا آغاز صبح سات بجے ہوا جو شام چار بجے تک جاری رہے گا۔

اننت ناگ ضلع میں پُر امن ووٹنگ کیلئے حکام کے مطابق سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف)، سی آپی ایف اور پولیس اہلکاروںکی اضافی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

ضلع بھر میں حکام کے مطابق موبائیل انٹرنیٹ سروس ''احتیاطی طور'' معطل کی گئی ہے۔

ضلع کے5,23,566ووٹران کو آج اپنی رائے کا اظہار کرنا ہے جس کیلئے714پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں تاہم ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ رائے دہندگان کی کافی کم تعداد پولنگ سٹیشنوں پر پہنچی ہے۔

حکام کو تاہم توقع ہے کہ دن گذرنے کے ساتھ ساتھ پولنگ سٹیشنوں پر رائے دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اننت ناگ ضلع سے تعلق رکھنے والے مائیگرنٹ پنڈتوں کی سہولیت کیلئے وادی سے باہر26پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

 ضلع چھ اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے جن میں اننت ناگ، بجبہارہ،پہلگام،شانگس، ککرناگ اور ڈورو شامل ہیں۔

اننت ناگ لوک سبھا نشست کیلئے جو سرکردہ اُمیدوار میدان میں ہیں اُن میں پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی، کانگریس کے غلام احمد میر، نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی،بھاجپا کے صوفی یوسف، پیپلز کانفرنس کے چودھری ظفر علی وغیرہ شامل ہیں۔

 

تازہ ترین