تازہ ترین

مزید خبریں

28 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک

 جبڑہ ۔ دھندک سڑک کی تکمیل کا مطالبہ 

حسین محتشم

پونچھ//سرنکوٹ کے گاؤں سنئی لوہر کے لوگوں کا ایک وفد سابق جوڈیشنل ممبر سنئی افتخار احمد کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ملا قی ہوا۔اس ملاقات کے دوران وفد کے ارکان نے جبڑہ سے کھولاں والے راستہ سے ہوتے ہوئے دھندک کوجانے والی سڑک کی تعمیر نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو بتایا کہ وہاں کے کچھ غلط عناصر تعمیراتی کاموں نے خلل ڈال رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جب اس سڑک کا منصوبہ تیار ہوا تھا اس وقت محکمہ تعمیرات عامہ نے جن لوگوں کی زمین سے سڑک نکالی تھی انہیں زمینوں کا معاوضہ نہیں دیا جبکہ ان لوگوں کے مطالبہ کے بعد معاوضے دیئے جانے اور سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کا وعدہ کیاتھا  جو ابھی تک پورا نہیںہوا۔انہوں نے کہا کہ زمین متاثرین کو معاوضہ دیاجائے اور ناجائز تجاوزات کو ختم کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوںنے پانی کی سپلائی بھی روک دی ہے جس پر فوری کارروائی کی جائے ۔ان کاکہناتھاکہ وہ کئی مرتبہ ایس ڈی ایم سرنکوٹ سے اپیل کر چکے ہیں اور اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال کے پاس کئی عرضیاں پیش کر چکے ہیں لیکن کہیں کوئی سنوائی نہیں ہورہی ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو بتایا کہ ایک اور سڑک جو ناڑی سے پانی والا کی طرف جاتی ہے ،کی حالت اس قد ر خراب ہے کہ اس پر پیدل چلنا بھی محال ہے ۔انہوںنے کہاکہ خستہ حال سڑکوں پر ائورلوڈنگ کی جاتی ہے جس سے حادثات کا خطرہ ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے وفد میں شامل افراد کو بغور سننے کے بعد انہیں یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ افسران کے ساتھ بات کر کے تمام مسائل حل کریں گے۔وفد میں پنچایت ممبر فرید احمد، طالب حسین،اظہار احمد اور عبدالغنی واٹر شیڈ کمیٹی کے ممبر محمد عباس بھی تھے۔
 
 
 
 

محلہ اعلیٰ پیر میں سڑک کی حالت ناگفتہ بہ 

حسین محتشم
پونچھ//اعلیٰ پیر پونچھ محلہ میں کچھ سڑکیں آج بھی خستہ حالی کا شکارہیں جن کی مرمت عرصہ دراز سے نہیں کی گئی۔ اس محلہ کی ایک سڑک کسی نالے کی مانند ہو گئی ہے جہاں مقامی لوگوں کو چلنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بارش کے دوران سڑک کے ساتھ بنائی گئی نکاسی نالیوںکا پانی اور گندگی لوگوں کے گھروں کے اندر داخل ہو جاتی ہے۔ محمد امین نامی ایک مقامی شخص نے میونسپل کمیٹی اور ضلع انتظامیہ پر بھید بھائو کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ تحصیل منڈی ، تحصیل سرنکوٹ اور تحصیل مینڈھرکے مختلف دور دراز علاقوں سے آکر یہاں روزی روٹی اور بچوں کی تعلیم کیلئے آباد ہوئے ہیں لیکن انہوں نے اپنے ووٹ ، راشن کارڈ اور مستقل رہائش اپنے آبائی علاقوں میں ہی رکھی ہے ،یہی وجہ ہے کہ میونسپلٹی کمیٹی کے کونسلر اور دیگر عہدیدار ان کو نظر انداز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے قصبہ میں سڑکوں کی مرمت کی گئی ہے گلیوں کوچوں میں بہترین اور رنگین ٹائلیں بچھائی گئی ہیں لیکن صرف ان کے محلہ کو ہی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ایک نوجوان غلام محمد نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ یہی راستہ سابق ممبر قانون ساز اسمبلی شاہ محمد تانترے کے گھر کو جاتا ہے پھر بھی اس راستے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کر کے راستے کی مرمت کروائیں۔رابطہ کرنے پر چیئرمین میونسپل کمیٹی پونچھ نے کہا کہ منصوبہ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو بھیجا گیا ہے اورمنظور ہوتے ہی تمام شہر میں تعمیراتی کام ہوں گے۔
 
 

بہروٹ گلی کے 50 کنبے پانی سے محروم 

مقامی آبادی نزدیکی چشمہ سے قطرہ قطرہ پانی جمع کرنے پر مجبور

تھنہ منڈی//طارق شال//تھنہ منڈی کے علاقہ بہروٹ کے پچاس کنبے پینے کے پانی سے محروم ہیں۔بہروٹ  اور گھمبیر مغلاں کے درمیان میں واقع بہروٹ گلی جسکی آبادی تقر یباً 50 کنبوں پر مشتمل ہے،میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے ۔یہاں کی مستورات ڈیڑھ کلو میٹر کی دوری سے ننگے سروں پرپانی ڈھو کر لاتی ہیں جبکہ اس علاقے میں مویشیوں کے پینے کے لئے بھی پانی دستیاب نہ ہے۔مقامی مستورات کو پہاڑی سے نیچے اتر کر پانی لانا پڑتا ہے جبکہ محکمہ پی ایچ ای کو ٹس سے مس نہیں۔ مقامی پنچایتی نما ئنگا ن نے محکمہ پی ایچ ای پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے اس وقت تک اس علاقے میں پانی کی فراہمی کے لئے کوئی منصوبہ نہیں بنا یا۔ان کاکہناہے کہ گرمیوں کے موسم میں چشمے سوکھ جاتے ہیں اور پانی کے لئے برسات کے موسم کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کی کوئی سنوائی نہیں ۔ اس علاقہ کے لوگوں نے سابق ممبر اسمبلی اور دیگر سیاسی کارکنان سے بھی پانی کے مسئلے کو حل کرنے اپیل کی لیکن کوئی اثر نہ ہوا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مطالبہ کیاکہ بہروٹ گلی کے عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے جامع منصوبہ بنا یا جائے تاکہ یہاں کے عوام کو پینے کا پانی فراہم کیا جائے۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ ایگزیکٹوانجینئر ہیڈ کوارٹر راجوری مصطفی میر نے بتا یا کہ بہروٹ گلی میں کچھ پائپیں لگائی گئی ہیںجو ناکافی ہیںاورمزید پائپیں درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے دبائو ہے کہ پائپیں ٹینڈر کے ذریعے لگائی جائیںاورٹینڈر کیلئے کوئی ٹھیکیدار تیار نہیں ہے جس کی وجہ سے کام میں تاخیر ہورہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ علاقے میں ٹینکر کے ذریعہ پانی کی سپلائی کی جائے گی تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
 
 

پرنسپل ہائراسکینڈری سکول دھار گلون سبکدوش

مینڈھر//پرنسپل گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول دھارگلون محمد اعظم چوہدری کی سبکدوشی کے سلسلے میں ایک پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں سکول کے طلباء و عملے کے ساتھ ساتھ مقامی معززین اور پنچایتی نمائندگان بھی موجو دتھے ۔محمد اعظم چوہدری نے 1986میں محکمہ تعلیم میں بطور لیکچرار ملازمت اختیار کی اوروہ ڈپٹی سی او مینڈھر کے علاوہ کئی اسکولوں میں پرنسپل کے عہدہ پر فائز رہے۔ اس دوران وہ ضلع شوپیاں میں بھی ایک ہائر اسکینڈری اسکول میں پرنسپل تعینا ت رہے جس کے بعد وہ ہائر اسکینڈری اسکول دھارگلون واپس آئے جہاں سے وہ سبکدوش ہورہے ہیں ۔سرپنچ دھارگلون اپر ماجد چوہدری اور سرپنچ کانڈی گلہوتہ نیازخان نے موصوف کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسر بہت کم ملتے ہیں جو جہاں بھی رہے وہاں قابل قدر کام کیا ۔ انکا کہنا تھا کہ انہوںنے ڈپٹی سی او مینڈھر تعیناتی کے دوران انہوںنے اہم رول ادا کیا اور خود بھی سکولوں میں جاکر کلاسز لیتے رہے ۔اپنے خطاب میں اعظم چوہدری نے سبھی کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ یہاں سے ملنے والے پیار کو ہمیشہ یاد رکھیںگے ۔ 
 
 
 

سلواہ مینڈھر میںپولیس ٹیم پر حملہ 

دو پولیس اہلکار اور ایک شہری مضروب 

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر کے سلواہ علاقے میں پولیس پر حملہ کے نتیجہ میں دو پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوگئے ہیں ۔سلیکشن گریڈ یاسین احمداور ایس پی او ممتاز احمد و سلیکشن گریڈ وقاس احمد پر مشتمل ایک ٹیم سلواہ گئی جہاں پولیس نے چند روز قبل غیر قانونی فصل کی کٹائی کی تھی ۔یہ پولیس ٹیم فاروق نامی ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے گئی تھی تاہم فاروق خود گھر پر موجود نہ تھا اورپولیس ٹیم نے فاروق کے فرزند کو پکڑ لیا جس کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ دوڑ کر پہنچے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں کو دبوچ کر ان کی پٹائی شروع کردی جس کی وجہ سے یاسین اور ممتاز شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ وقاس معمولی طور پر زخمی ہواہے ۔اس دوران ایک عام شہری وسیم احمد بھی زخمی ہواہے اور اس طرح سے دو پولیس اہلکار اور ایک عام شہری سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں زیر علاج ہیں ۔ایس ڈی پی او مینڈھر نے بتایاکہ پولیس پر حملہ کرنے والو ں کے خلاف کیس درج کرکے کارروائی کی جائے گی ۔
 
 

پونچھ میں ماہ صیام انتظامات کا جائزہ لیاگیا

پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ماہ صیام کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔میٹنگ میں کئی سینئر افسران موجود تھے ۔اس موقعہ پر مذہبی تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور اپنے مطالبات اجاگر کئے ۔ انہوںںے پانی اور بجلی سپلائی میں معقولیت لانے اور سیکورٹی و صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری لانے پر زور دیا جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بھی اعتدال میں رکھنے کی مانگ کی ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ انتظامات کو یقینی بنائیں ۔ انہوںنے کہاکہ صفائی ستھرائی کیلئے اقدامات کئے جائیں اوراشیائے ضروریہ کی خریدوفروخت پر کڑی نگاہ رکھی جائے ۔ 
انہوںنے ماہ صیام کے دوران طبی خدمات کی فراہمی پر بھی زور دیا ۔انہوںنے یقین دلایاکہ پانی اور بجلی کی سپلائی میں بہتری لائی جائے گی ۔
 
 

ٹی ایس او کوٹرنکہ کیساتھ اظہار تعزیت 

کوٹرنکہ //تحصیل سپلائی افسر کوٹرنکہ روشن لعل دتا کے چچاکی موت پر ڈیلر ایسوسی ایشن کوٹرنکہ بدھل و راشن سٹور کپیرمحمد مقبول و دیگر سماجی و سیاسی کارکنان نے گہرے دکھ کا اظہا رکرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی ظاہر کی ہے ۔محمد مقبول ،کرامت اور عبدالقیوم بٹ نے آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک نیک اور ملنسار انسان تھے جن کی وفات سے بہت بڑا نقصان ہواہے ۔
 
 

راجوری کالج میں ورکشاپ کا اہتمام 

راجوری //آل انڈیا کونسل فار ٹیکنکل ایجوکیشن کی طرف سے پی جی کالج راجوری میں پرائم منسٹر سپیشل سکالر شپ سکیم کی جانکاری کیلئے ایک پروگرام منعقد کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں طلباء اور عملے نے شرکت کی ۔اس ورکشاپ میں پونچھ کالج اور تھنہ منڈی کالجوں کے پرنسپل اور راجوری پونچھ کے متعدد ہائراسکینڈری سکولوں کے پرنسپلوں نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر محکمہ تعلیم کے سپیشل سیکریٹری چوہدری رشید اعظم انقلابی مہمان خصوصی تھے ۔انقلابی نے اس سکیم کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔آل انڈیا کونسل فار ٹیکنکل ایجوکیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر آنند شرما نے پروگرام کے تمام پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ اس کی مختلف خصوصیات بیان کیں ۔راجوری کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جاوید احمد قاضی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔
 
 

سڑک حادثے میں 2افراد زخمی 

پرویز خان 

منجاکوٹ//جموں پونچھ شاہراہ پر دھیری ارلیوٹ کے مقام پیش آئے ایک سڑک حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔بارات لیکر جارہی ٹاٹاسومو زیر نمبر JK02AT 6909راجوری سے مینڈھر جاتے ہوئے ٹیمپو سے ٹکراگئی ۔اس دوران دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مسافروں میں زبردست بحث و تکرار بھی ہوئی جس کی وجہ سے ایک دوسرے پر حملہ بھی کیاگیا ۔اس دوران زخمی ہونے والے عمر نزاکت ولد نزاکت حسین ساکن سنجیوٹ بالاکوٹ اور محمد زبیر ولد حاجی یوسف ساکن دبروٹ منجاکوٹ کو ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیا ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔