ڈی جی پی کا متاثرہ مقامات کا دورہ

شاہراہ کھلی رکھنے کی ہدایات

15 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

محمد تسکین +ایم ایم پرویز
بانہال +رام بن //ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے منگل کو سرینگر جموں شاہراہ پر پسیاں گر آنے والے مختلف مقامات کا دورہ کر کے متعلقہ افسران  اور تعمیراتی کمپنی کو ہدایات دیں کہ وہ فوری طور پر اسئے اقدامات کو بروئے کار لائیں تاکہ شاہراہ پر بلا خلل ٹریفک کی روانی کو ممکن بنایا جاسکے۔آئی جی پی ٹریفک الوک کمار بھی انکے ہمراہ تھے۔وادی کی بیرون ملک کیساتھ واحد راستے پر پنتھیال سے رامسو تک 12کلو میٹر تک ہر جگہ پسیاں اور پتھر گر آتے ہیں جن کی وجہ سے شاہراہ بار بار بند ہوجاتی ہے۔ انہوں نے رام بن میں شاہراہ کے بار بار بند ہونے کے حوالے سے افسران کی ایک میٹنگ بھی طلب کی اور ٹریفک کی بلا خلل روانی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ڈی جی پی نے ہندوستان کنسٹرکشن کمپنی کے حکام بشمول منوہر شرما ،کے ہمراہ پنتھیال، مہر ،ماروگ ، منکی موڑ ، انوکھی فال ، اور ڈگ ڈول کا تفصیلی دورہ کیا ۔ڈی جی پی نے ایس سی سی کمپنی پر زور دیا کہ وہ شاہراہ کو بحال رکھ کر اُس کو فوری طور پر کھلا رکھیں ۔ انہوں نے موقعہ پر ہی ہدایت جاری کیں کہ لوگوں کی مشکلات حل کرنے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں ۔پولیس سربراہ نے آئندہ امرناتھ یاترا کے حوالے سے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس سلسلے میں تیاریوں پر زور دیا ۔آفیسران نے  پولیس سربراہ کو پسیوں سے متاثرہ مقامات اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ ڈی جی پی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ چندر کوٹ پہنچے اور بذریعہ روڈ ڈگڈول تک گئے جہاں انہوں نے ٹریفک پولیس اور روڈ اوپننگ پارٹی کو بتایا کہ وادی کشمیر کو ملک کے ساتھ جوڑنے والی یہ واحد شاہراہ ہے اس لئے اسے مسدود نہیں رکھا جا سکتا ۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو انتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھنے کی ہدایت دی تاکہ سڑک کو کھلا رکھنے کیلئے زیادہ با اثر ڈھنگ سے کام کیا جائے ۔رام بن میں بلائی گئی افسران کی میٹنگ میں ایس ایس پی رام بن انیتہ شرما ، ایس ایس پی ٹریفک ہائی وے ایس جے ایس جوہرا ، ڈی ایس پی ٹریفک سریش شرما ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر رام بن اصغر علی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
 

تازہ ترین