تازہ ترین

سمبل واقعہ | حریت (گ)وفد متاثرہ بچی کے والدین سے ملا

16 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پربلال احمد صدیقی، مولوی بشیر احمد، غلام محمد ناگو، سید محمد شفیع، محمد مقبول ماگہامی، ارحد احمد بٹ، زمرودہ حبیب اور یاسمین راجہ پر مشتمل ایک وفدنے ترگام سمبل جاکر کمسن بچی کے والدین اور لواحقین سے بزرگ رہنما کی طرف سے ہمدردی کاپیغام پہنچایا اور اس شرمناک سانحہ پر ان کے گہرے دُکھ اور صدمے کے تاثرات سے آگاہ کیا۔ وفد نے بھی اس المناک سانحہ کے حوالے سے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔اس دوران پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ مجرمین کو کڑی سزا دینے کی مانگ کی ہے۔
 
 
 

ائمہ اور مبلغین اپنا  کردارادا کریں،انجمن علماء 

سرینگر //انجمن علماء وائمہ مساجدجموں کشمیرکے امیر اور مہتمم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈنے اپنے ایک بیان میںگزشتہ دنوں سمبل بانڈی پورہ میںپیش آئے شرمناک واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ائمہ مساجد اور مبلغین سے سماجی میں پھیلی بے راہ روری کو جڑ سے اکھاڑنے میں اپنا بھر پور کردار نبھانے کی اپیل کی ۔انہوں نے ائمہ مساجد،علماء کرام، مدارس اسلامیہ کے سربراہوں اوردینی انجمنوں  سے گزارش کی ہے کہ معاشرے میں پھیلی برائیوں کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے میں اپنا کردار اداکریں۔
 
 

بچی کی پرورش کریں گے،چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی پیشکش

سرینگر// چائلڈ ویلفیئر کمیٹی نے سمبل سانحہ کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے معاملے کو پوسکو ایکٹ میں درج کرتے ہوئے متاثرہ بچی کو اسکالر شپ فراہم کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔ کے این ایس کے مطابق کمیٹی نے معصوم بچی کو اسکالر شپ کے زمرے میں لانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔اسٹیٹ مشن ڈائریکٹرآئی سی پی ایس جی اے صوفی نے بتایا کہ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی نے واقعہ کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور اس سلسلے میں ملزم کے خلاف پوسکو ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چائلڈ ویلفیئر اسکیم متاثرہ بچی کے ماہانہ اخراجات برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچی کے دیگر افراد خانہ کو بھی کونسلنگ کی جائے گی جس کا فریضہ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی انجام دے گی۔