تازہ ترین

راج بھون میں سیاسی لیڈران کی حاضری

انجینئر رشید، غلام حسن میر،خالد جہانگیر اور آغا محسن گورنر سے ملاقی

16 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//سلیکشن کم اوورسائیٹ کمیٹی کے ممبر راجیو کھجوریہ نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کر کے اُنہیں ریاست میں جوینائل جسٹس ایکٹ 2013ء کی عمل آوری کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔اُنہوں نے گورنر کو بتایا کہ ریاست کے تمام 22اضلاع میں چائیلڈ ویلفیئر کمیٹیاں اور جوینائل جسٹس بورڈ قابلِ کار ہیں اورتحفظ اور نگہداشت کی ضرورت والے بچوں کے معاملات کے ازالے کے لئے سرگرم رول ادا کر رہے ہیں ۔اُنہوں نے گورنر کو مذکورہ کمیٹی کے لئے چیئرپرسن کو نامزد کرنے کی گزارش کی تاکہ ان کمیٹیوں اور بورڈوں کے کام کاج میں معقولیت لائی جاسکے ۔اُنہوں نے آئی سی پی ایس میں کام کر رہے کنٹریکچول عملے کی مستقلی ، سٹیٹ چائیلڈ پروٹیکشن سوسائٹی کو خواتین اور بچوں کی بہبود کی مرکزی وزارت کے ضوابط کے مطابق رقومات منتقل کرنے ، باقی ماندہ اضلاع میں 14 پرنسپل مجسٹریٹوں کی اَسامیوں کے قیام اور ایکٹ کے تحت مختلف اضلاع میں جوینائل جسٹس ہوم تعمیر کرنے کے لئے اراضی کی نشاندہی کے لئے ڈپٹی کمشنروں کو اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت جاری کرنے کی بھی گزارش کی۔گورنر نے ممبر موصوف کو یقین دِلایا کہ اُن کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات کے حق میں ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی ۔ادھر بی جے پی کے لیڈر خالد جہانگیر نے  یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی اور ریاست میں امن اور شانتی کے قیام کے لئے اپنے نکتہ نگاہ سے اُنہیں آگاہ کیا۔ادھر پی ڈی پی کے لیڈر آغا سیّد محسن نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی اور وادی کشمیر کے لوگوں کو درپیش کئی معاملات کے بارے میں اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔دریں اثناء  سابق ایم ایل اے انجنئیر رشید نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور عوامی اہمیت سے متعلق مختلف امور پر گورنر کے ساتھ بات چیت کی۔ادھر سابق وزیر غلام حسن میرنے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔انہوں نے ریاست کو درپیش مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کے علاوہ امن و امان کی بحالی کے لئے درکار اقدامات پر گورنر کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔