تازہ ترین

مزید خبریں

16 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک

گورنر کے مشیر کا لاسی پورہ دورہ

انڈسٹریل ایسٹیٹ کا تفصیلی جائزہ لیا

سرینگر// گورنر کے صلاحکار کے سکندن نے سینٹر آف ایکسی لینس زاؤرہ سرینگر اور کنٹرولڈ ایٹماسفئیر کورڈ سٹور یونٹ لاسی پورہ پلوامہ کا دورہ کر کے ان یونٹوں کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔اُن کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نوین چودھری، سیکرٹری باغبانی منظور احمد لون، ڈائریکٹر باغبانی اعجاز احمد بٹ، ڈائریکٹر ایگری کلچر الطاف اعجاز اندرابی، ڈائریکٹر صنعت و حرفت محمود احمد شاہ ، ڈپٹی کمشنر پلوامہ سید عابد رشید شاہ اور دیگر افسران بھی تھے۔زاؤرہ میں صلاحکار نے سینٹر کے معائنہ کے علاوہ ہائی ڈینسٹی باغات کا بھی معائنہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ سینٹر کو9.24 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے جس میں اعلیٰ معیاری سیب کے درختوں، مائیکرو اری گیشن، ہائی ٹیک گرین ہاؤس ٹیکنالوجی، ٹِشو کلچر، بائیو کنٹرول لیبارٹریاں اور موسم کی پیشنگوئی سے متعلق سٹیشن قائم کیا جائے گا جبکہ میوہ جات کو ہونے والی مختلف بیماروں کی جانچ پڑتال کی سہولیات کے علاوہ عملے کو بھی تربیت فراہم کی جائے گی۔صلاحکار کو گرین ہاؤس سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔صلاحکار نے اخروٹ بنک کا معائنہ کر کے اخروٹ کی مختلف اقسام کا مشاہدہ کیا۔آئی جی سی لاسی پورہ میں صلاحکار نے کولڈ سٹور یونٹ کے علاوہ مذکورہ یونٹ کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکار باغ مالکان کی آمدن میں اضافہ کرنے کے لئے کوشاں ہے۔بعد میں مشیر موصوف کو ایک پریذنٹیشن کے ذریعے بتایا گیا کہ ریاست میں2018-19 میں تقریباً21 میٹرک ٹن سیبوں کی پیداوار حاصل کی گئی جس کی بدولت قومی مارکیٹ میں70 فیصد مانگ کو پورا کیاگیا۔انہیں بتایا گیا کہ ایک لاکھ میٹرک ٹن کی پیداوریت ہوئی ہے البتہ تین لاکھ میٹرک ٹن کی اضافی ضرورت کے لئے سٹوریج یونٹ کی صلاحیت میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ صلاحکار نے باغبانی شعبۂ کے فروغ کے لئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس شعبۂ نے ریاست کی معیشت کے فروغ میں کافی اہم رول ادا کیا ہے۔
 
 
 

جموں میں باپ پر اپنی چھ سالہ بیٹی کو مار ڈالنے کا الزام

جموں//جموں کے مضافاتی علاقہ کانگریل میں ایک خاتون نے شوہر پر اپنی ہی چھ سالہ بچی کا گلہ دبا کر موت کی ابدی نیند سلانے کا الزام عائد کیا ہے۔جموں میں بدھ کے روز 'کونسل فار سیول لبرٹیز جموں کشمیر' کے بینر تلے احتجاج کرتے ہوئے مقتولہ کی والدہ سونو دیوی نے میڈیا کو بتایا 'میں بچی کو سلا رہی تھی کہ میرے شوہر آئے اور انہوں نے بچی کواٹھا کر باہر لیا اور گلہ دبا کر مار ڈالا یہاں تک کہ میرے سامنے بھی اس نے مری ہوئی بچی کا گلہ دبایا، میں نے چیخا چلایا جس کی وجہ سے محلے والے جمع ہوئے ورنہ وہ مجھے بھی مارنا چاہتے تھے'۔انہوں نے کہا کہ جب سے بیٹی پیدا ہوئی تب سے وہ لگاتار بچی کو پیٹتے تھے اور مجھے بھی مارتے پیٹتے تھے اور کہتے تھے کہ میرے گھر میں بیٹی نہیں بیٹا ہونا چاہئے، بیٹی کیوں پیدا کی۔کونسل فار سیول لبرٹیز جموں کشمیر کے ایک عہدیدار اندرمہندر تار سنگھ نے واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا ’19 اپریل کی رات کو کانگریل گاؤں جو کانہ چک پولیس اسٹیشن کے حد اختیار میں آتا ہے، میں سریش کمار نے اپنی بیٹی سنجنا کا گلہ دبا کے قتل کیا وہ ماں کو بھی مارنا چاہتا تھا لیکن اس کی چیخ پکار سے لوگ جمع ہوئے اور وہ بچ گئی لیکن اس واقعے کو پیش آئے قریب ایک ماہ گزر جانے کے باوجود بھی اب تک قاتل کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوا ہے اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے'۔سریش کمار اور اس کیاہل خانہ پر سونو دیوی کو باربار پیٹنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا 'سریش کمار، اس کی ماں کملا دیوی، اس کی بھابھی ممتا اور اس کا چھوٹا بھائی رمیش کمار اکثر سونو دیوی کو مارتے پیٹے تھے۔ جب سنجنا تین ماہ کی تھی تب بھی سریش کمار نے سونو دیوی کو گھر سے باہر نکالا تھا اور وہ دس ماہ تک اپنے میکے میں تھی۔ آخر وہی ہوا جو سریش کمار باربار کہتا تھا کہ بچی کو مارنا ہے اور اس نے ماں کے سامنے بیٹی کو مار ڈالا'۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ کے رشتہ داروں نے پولیس میں درخواست دی تھی لیکن ان کی درخواست کو پھاڑ کے پھینکا گیا۔متاثرہ کی ماں سونو دیوی کا کہنا ہے کہ سریش کمار نے پولیس کے سامنے خود اقبال جرم کیا لیکن پولیس اس کو پاگل کہہ رہی ہے اور گرفتار نہیں کررہی ہے۔انہوں نے سریش کمار کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا 'جس نے میری بیٹی کی جان لی اس کو پھانسی کی سزا ملنی چاہئے'۔اندر مہندر تار سنگھ نے سریش کمار کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سریش کمار کے خلاف چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر ایف آئی درج نہیں کیا گیا تو ہم مزید کارروائی کریں گے۔انہوں نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک اور رایستی پولیس سربراہ دلباغ سنگھ سے اپیل کی کہ وہ ایک خصوصی ٹیم تشکیل دیں تاکہ قصوروار کو سزا ملے۔ (یو این آئی)
 
 
 

سرکاری سکولوں کا اچانک معائنہ 

ڈیوٹی سے غیر حاضر 6ملازم معطل 

سمت بھارگو

راجوری //محکمہ تعلیم نے ڈیوٹی کے تئیں کوتاہی برتنے والے 6ملازمین کو معطل کردیاہے جن میں ایک سینئر اسسٹنٹ جبکہ پانچ تدریسی عملے سے وابستہ ہیں ۔چیف ایجوکیشن افسر راجوری محمد اشرف راتھر نے تعلیمی زون درہال کا دورہ کرکے کئی سکولوں اور زونل ایجوکیشن افسر کا اچانک معائنہ کیاجس دوران کئی ملازمین کو غیرحاضر پایاگیاجنہیں معطل کردیاگیاہے ۔اس سلسلے میں جاری ہوئے حکمنامے میں بتایاگیاہے کہ چیف ایجوکیشن افسر کی قیادت میں منگل کے روز ٹیم جب گورنمنٹ مڈل سکول لیراں پہنچی تو یہ ادارہ مقفل تھا اور اس میں تعینات تمام پانچ ملازمین غیر حاضر تھے جنہیں معطل کیاگیاہے۔ معطل ملازمین میں ماسٹر نذیر حسین ، ٹیچرپروین اختر،ٹیچر منشی خان، ٹیچر خالد محمود اور ٹیچر محمد اشرف شامل ہیں جن سبھی کو دوسرے سکولوں میں منتقل کرکے مذکورہ سکول میں نیا عملہ تعینات کیاگیاہے ۔اسی طرح سے زونل ایجوکیشن دفتر درہال میں معائنہ کے دوران یہ پایاگیاکہ ملازمین کی چھٹیوں کی درخواست کو اپ ڈیٹ نہیں کیاجارہااور ساتھ ہی ریکارڈ بھی برقرار نہیں اور نہ ہی اسے چیف ایجوکیشن افسر کے سامنے پیش کیاگیا ۔اس دوران ہائی سکول لیراں کی خاتون ٹیچر مہرین کوثر کی درخواست کا ریکارڈ بھی سروس ریکارڈ میں نہیں پایاگیا ۔حکمنامہ کے مطابق متعلقہ سینئر اسسٹنٹ نے سروس ریکارڈ میں بہت کم اندراج کئے اور وہ بھی چیف ایجوکیشن افسر کے دورہ سے عین قبل ۔اس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے سینئر اسسٹنٹ شبیر 
احمد کو معطل کیاگیاہے ۔
 
 
 

 سالویشن مومنٹ چیئرمین  کی ایک بار پھرپوچھ تاچھ 

سرینگر// سالویشن مومنٹ چیئر مین ظفر اکبر بٹ کی نئی دہلی میں این آئی اے کی جانب سے سوموار اور منگل کو پوچھ تاچھ کی گئی۔یار رہے کہ ایجنسی نے فروری میں انکی رہائش گاہ کی تلاشی لی تھی اور بعد ازاں ہمہامہ میں ان سے سرسری پوچھ تاچھ کی تھی۔اس دوران پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی کارروائی انتہائی قابل مذمت ہے اور ہراسان کرنے کی ان کارروائیوں کے باوجود وہ بر سر جدوجہد رہیں گے۔انہوں نے مزاحمتی قائدین کو ہراساںکرنے کی کارروائیوں کی بھی مذمت کی۔
 
 
 
 

 کولگام میں نقب زنی کی تازہ وارادت

 پانچ دکانوں سے لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان اڑا لیاگیا

سرینگر//نندی مرگ کولگام میں نقب زنوں نے پانچ دکانوں سے لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان اڑا لیا۔ اس طرح ضلع میں24 گھنٹوں کے اندر یہ نقب زنی کی دوسری واردات ہے ۔ سی این ایس کے مطابق نقب زنوں نے دوران شب ریاض احمد شاہ ، جاویدملہ ، نذیر احمد شیخ ، محمد اسحاق شیخ اور بشیر گورسی نامی افراد کی دکانوں میں داخل ہوکرلاکھوں روپے مالیت کا سازو سامان اڑا لیا ہے۔ دمہال ہانجی پورہ کولگام پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر کے چوروں کی تلاش بڑ ے پیمانے پر شروع کردی ہے۔ خیال رہے کہ منگل کو پہلو کولگام میں نقب زنوں نے دس دکانوں میں نقب لگائی۔
 
 
 

ایم ایل سی سیف الدین بٹ گورنر سے ملاقی

حلقہ خانصاحب  کے زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل پر زور

سرینگر//قانون ساز کونسل ممبر سیف الدین بٹ نے گورنرستیہ پال ملک سے ملاقات کے دوران حلقہ انتخاب خانصاحب میں شروع کئے گئے مختلف پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کرانے کی اپیل کی ہے۔بیان کے مطابق گورنر نے ممبر موصوف کو لوگوں کے مسائل اُبھارنے اور مختلف تجاویز پیش کرنے پر اُنکی حوصلہ افزائی کی۔ ملاقات کے  دوران ایم ایل سی موصوف نے علاقہ وترہیل کی دیرینہ مانگ یعنی ڈگری کالج کی منظوری جبکہ مجہ پتھری سے دودھ پتھری تک سڑک کی تجدیدعمل میں لانے کا مطالبہ کیا جائے تاکہ سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوسکے۔ژھل ، رنگ زبل اور سیاحتی مقام توسہ میدان میں طبی سہولیات فراہم کرنے،پینے کے لئے صاف پانی کی دستیابی کیلئے شیخ العالمؒ، مہجور ، شمس فقیر واٹر سپلائی اسکیموںکے ساتھ ساتھ سوکھ ناگ دوم کو فوری طور شروع کرنے اورکرمشورہ پارنیواہ فروٹ منڈی اور کولڈسٹورکی تکمیل کے لئے اقدامات کرنے کی اپیل کی جائیںتاکہ میوہ صنعت سے وابستہ آبادی کے مشکلات کو دُور کیا جاسکے۔انہوں نے پارنیوہ میں ایک صنعتی مرکز کے قیام کو عملی جامہ پہنانے اور آریگام میں زچہ وبچہ اسپتال کی تعمیر کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔گورنر نے ایم ایل سی سیف الدین بٹ کو یقین دلایا کہ ان کاموں کی فوری تکمیل کیلئے جلد ازجلد اقدامات کئے جائیں گے ،جس پر  بٹ نے گورنرکا شکریہ ادا کیا۔
 
 
 

بوپی اور محکمہ اطلاعات کا سنجے کمار کے لواحقین سے اظہار تعزیت

سرینگر// جموں وکشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامنیشن( بوپی) اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ میں سنجے کمار کے انتقال پر الگ الگ تعزیتی میٹنگیںمنعقد ہوئیں۔سنجے کمار بدھ کی صبح قاضی گنڈ میں ایک سڑک حادثہ میں فوت ہو گئے۔بوپی میں بورڈ کے چیئرمین کی صدارت میں تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سنجے کمار کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ سنجے کمار محکمہ کے ایک ہونہار ملازم تھے۔میٹنگ میں آنجہانی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ سنجے کمار بوپی میں اکاؤنٹنٹ کی حیثیت سے تعینات تھے۔حادثے میں سنجے کمار کے بھائی ونود کمار بھی زخمی ہوئے ہیں۔محکمہ اطلاعات کے دفتر میں بھی ناظم اطلاعات گلزار شبنم کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ونود کمار جو کہ محکمہ کے ایک ملازم ہیں، کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
 
 
 

سُشیل کمار فوت،کے اے ایس ایسوسی ایشن کا اظہاررنج

سرینگر// کے اے ایس آفیسروں کی ایسوسی ایشن نے 2004 بیچ کے کے اے ایس آفیسر سُشیل کمار اتری جو کہ آئی سی ڈی ایس جموںمیں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور رتعینات تھے ،کی وفات پر رنج وغم کا اظہا رکیا ہے ۔اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کے صدر تصدق حسین میر کی صدارت میں سول سیکریٹریٹ میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سُشیل کمار کی وفات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے اُن کی روح کی ابدی شانتی اورسوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا ۔میٹنگ کے دوران ایسوسی ایشن نے اپنے ساتھی سُشیل کمار کو ایک قابل ،باصلاحیت اور فرض شناس آفیسر قرار دیا۔
 
 

اننت ناگ میں لوک عدالت کا انعقاد

اننت ناگ// ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی نے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اورچیئرمین ڈی ایل ایس اے محمد اشرف ملک کی صدارت میں ایک لوک عدالت کا انعقاد کیا۔اس سلسلے میں دو بنچوں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔جس دورا ن مختلف نوعیت کے 165معاملات اُٹھائے گئے۔جن میںسے 79معاملات باہمی افہام وتفہیم سے حل کئے گئے جب کہ فشریز اور ٹریفک چالوںکے تحت 11750روپے کی ادائیگی کے احکامات صادر کئے گئے۔
 
 

پروفیسر اشرف صراف کو صدمہ،والدہ انتقال کرگئیں

گیلانی اور صحرائی اظہار تعزیت

سرینگر// حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے مزاحمتی لیڈرپروفیسر محمد اشرف صراف ساکن بارہمولہ کی والدہ کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے دُعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے اور ہر ذی نفس کو اس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گیلانی نے کہا ’’میں ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دست بدعا ہوں کہ وہ غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے‘‘۔  تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے آزادی پسند لیڈر پروفیسر محمد اشرف صراف اور حاجی عبدالرشید صراف کی والدہ کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پروفیسر اشرف صراف1990سے مہاجرت کی زندگی گزاررہے ہیں ۔صحرائی نے مرحومہ کے لئے جنت نشینی کی دعا کی ۔
 
 

ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کا اظہارِ تعزیت

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈراور سابق وزیر قانون ایڈوکیٹ پیارے لال ہنڈو کی دختر وینا ہنڈو کیفوت ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ دونوں لیڈران نے اس سانحہ ارتحال پر سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور آنجہانی کی آتما کی شانتی کیلئے بھی دعا کی۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، پارٹی لیڈران تنویر صادق اور ڈاکٹر سمیر کول نے بھی سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔