تازہ ترین

میرواعظ مولوی محمد فاروق کی برسی پر تقاریب

میرواعظ منزل میں عوامی مجلس عمل کاکنوں کی ریلی، اسلامیہ سکول راجوری کدل میں سمینار

20 مئی 2019 (26 : 11 PM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//راجوری کدل میںعوامی مجلس عمل کے مرکزی دفتر میرواعظ منزل راجوری کدل میں ورکرس ریلے کااہتمام کیاگیاجس کی صدارت سربراہ تنظیم میرواعظ عمر فاروق نے انجام دی۔ اس موقعہ پر اعلان کیا گیا کہ آج یعنی21 مئی 2019ء کو مرکزی جامع مسجد سرینگر سے نماز ظہر کے فوراً بعد اجتماعی طور مزار شہداء عیدگاہ کی طرف رخ کیا جائیگا جبکہ 21 مئی کے خونین سانحہ کی یاد میں پورے کشمیر میں ہمہ گیر ہڑتال رہیگی۔ ورکرس ریلے میں تنظیم کے بانی رہنما میرواعظ مولوی محمد فاروق ،حول سانحہ، خواجہ عبدالغنی لون کی برسیوں کی مناسبت سے اور جملہ شہدائے کشمیر کو انکی عظیم الشان قربانیوں پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ریلے میں تنظیم سے وابستہ عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی اور ۲۱ مئی کے مزار شہداء عیدگاہ سرینگر پر طے شدہ جلسہ عام اور دعائیہ مجلس کی تقریب کو ہر سطح پر کامیاب بنانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔ ورکرس ریلے سے خطاب میں میرواعظ نے میرواعظ محمد فاروق سمیت جملہ شہداء کی بے لوث قربانیوںکو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہے کہ موجودہ حالات میں ہم من حیث القوم ان کے مشن کی آبیاری کے تئیں بھر پور استقامت اور وابستگی کا مظاہرہ کریں۔ میرواعظ نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آج یعنی21 مئی کے عیدگاہ چلو پروگرام کو پورے ربط و ضبط اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ کامیاب بنائیں ۔اس موقعہ پر پارٹی کے سینئر رہنمائوں میں ایڈوکیٹ نذیر احمد رونگا، غلام نبی زکی، پیر غلام نبی، مشتاق احمد صوفی وغیرہ نے خطاب کیا ۔
سرینگر//انجمن نصرۃ الاسلام کے اہتمام سے اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول راجوری کدل کے آڈیٹوریم میں ’’عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی ‘‘کے زیر عنوان سمینارمنعقد ہوا ۔ صدارتی خطاب میں انجمن نصرۃ الاسلام کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ایک صالح معاشرہ کی بنیاد تب تک نہیں ڈالی جاسکتی جب تک نہ ہم اپنے آپ میں تبدیلی پیدا نہ کریں کیونکہ خدا اس قوم کی حالت تب تک نہیں بدلتا جب تک نہ وہ قوم خود اپنی حالت آپ بدلنے کیلئے جدوجہد نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان اپنی زندگی کو اسلامی طرز حیات سے منسلک کرکے ہی ایک بہتر سماج کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ نوجوان قوم و ملت کا سرمایہ ہوتا ہے اور کسی قوم یا سماج میں بیداری یا تحرک پیدا ہونا تب تک مشکل ہے جب تک اس قوم کا نوجوان بیدار نہیں ہوتا۔میرواعظ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک انسان کو زندگی کے ہر مرحلے پر رہنمائی فراہم کی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے طرز ندگی کو اسلامی طور طریقوں کے مطابق گزارنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کشمیری سماج کے انحطاط اور اس سماج میں سرائیت کرتی جارہی برائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں علماء کے اجلاس میں ہم نے یہ فیـصلہ کیا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کشمیر ی سماج کو درپیش مسائل اور معاشرتی برائیوں کے سد باب کیلئے آواز بلند کی جائیگی اور یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ اس مبارک مہینے میں بھی کچھ ایسے شرمناک واقعات پیش آئے جس نے پوری کشمیری قوم کو رنجیدہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ من حیث القوم ،ہم سب کی علمائے کرام ،خطیب حضرات ، والدین، اساتذہ، اور سماج کے ہر ذمہ دار فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک بہتر اور اسلامی طرز زندگی سے عبارت سماج کی تعمیر کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔سمینار میں وادی کے 24سے زیادہ تعلیمی اداروں سے وابستہ طلاب نے موضوع کی مناسبت سے مقالات پیش کئے ۔ سمینار میں پہلی پوزیشن اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول راجوری کدل کی طالبہ اربش نے حاصل کی ، دوسری پوزیشن آر پی سکول ملہ باغ کی صالحہ بشیر ،تیسری پوزیشن کشمیر ہاورڈ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی اربینہ جبکہ چوتھی پوزیشن گرین لینڈ ہائی اسکول کی آفرین نے حاصل کی۔ سمینار میںجج کے فرائض انجینئر راس مسعود، محمد اشرف ککرو، اور غلام محی الدین نے انجام دیئے جبکہ اس موقعہ پر کئی سرکردہ تعلیمی ،سماجی اور انجمن سے وابستہ معزز ممبران کے علاوہ سول سوسائٹی کے اراکین اور سرکردہ شخصیات میں مولانا مسرور عباس انصاری، مفتی محمد جاوید،  ڈاکٹر نذیر احمد گلکار، مفتی ضیاء الحق ناظمی،حاجی الطاف احمد، انجینئر محمد ابراہیم شاہ،ڈاکٹر جی ایم خان، مفتی غلام رسول سامون،وغیرہ موجود تھے۔ سمینار کی نظامت کے فرائض مولانا ایم ایس رحمن شمس نے انجام دیئے۔اس موقعہ پر مجلہ نصرۃ الاسلام کا شہید ملت نمبر۲۰۱۹ء  کے علاوہ مولوی خضر محمد وانی کی مرتب کردہ کتاب امہات المومنین کا اجرا ء میرواعظ کے ہاتھوں عمل میں لایا گیا ۔