تازہ ترین

جیت کا جشن جاری | گورنر اور 5مشیر منتخب عوامی حکومت کا متبادل نہیں

این سی ہیڈکوارٹر پرناصر اسلم وانی کا پارٹی کارکنوں سے خطاب

25 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر//نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر میں مکمل امن و امان اور خوشحالی کی متمنی ہے اور ہماری جماعت حالات کی بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کل پارٹی ہیڈکوارٹر پر عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں جاری مار دھاڑ، خوف و دہشت اور شہری ہلاکتوں پر فوری روک لگنی چاہئے اور لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کیا جانا چاہئے تاکہ لوگوں میں اعتماد بحال کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو موجود صورتحال سے نکالنے کیلئے عوامی منتخبہ حکومت کا ہونا لازمی ہے اور اس کیلئے فوری طور پر اسمبلی کے انتخابات کا انعقاد کیا جانا چاہئے۔ اُن کاکہنا تھا کہ گورنر اور 5مشیر ایک عوامی منتخبہ حکومت کے متبادل نہیں ہوسکتے۔ ایک عوامی حکومت ہی حکومت کے مسائل و مشکلات کی صحیح ڈھنگ سے ازالہ کر سکتی ہے۔ ناصر اسلم وانی نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور لوگوں کے مسائل و مشکلات کو ہر سطح پر اُجاگر کرنے میں پیش پیش رہیں۔