تازہ ترین

اوڑی، ریاسی اور سرنکوٹ میں دلدوز سڑک حادثات | 6شہری جانیں گنوا بیٹھے

25 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

ظفر اقبال +زاہد ملک
اوڑی+سرنکوٹ//اوڑی اور سرنکوٹ علاقوں میںپیش آئے سڑک کے الگ الگ حادثات میں 6افراد لقمہ اجل جبکہ دیگر کئی زخمی ہوگئے ۔مہلوکین میں ایک ہی کنبے کے دو افراد بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق اوڑی سے گھرکوٹ جارہی ایک ریالٹو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سو فٹ نیچے دوسری سڑک پر گرآئی جس کے نتیجے میں پرویزاحمدخواجہ گنائی اور گاڑی میں سواراس کے تین بیٹے شاہد،عدنان اورسہیل شدیدزخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور اوڑی اسپتال پہنچایا گیا لیکن اس دوران اسپتال پہنچاتے ہوئے عدنان کی موت واقع ہوچکی تھی۔شدید زخمیوں کو ڈاکٹروں نے فوری طور بارہمولہ اسپتال ریفر کیا لیکن اسپتال پہنچانے پر ڈاکٹروں نے وہاں پرویزاحمد کو مردہ قراردیا جبکہ شدیدزخمی شاہد کووہاں سے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیا جہاں اُس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے جبکہ سہیل کو ایس ایم ایچ ایس اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ مستحکم ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس رجسٹر کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔اس دوران سلام آباد اوڑی جہاں دونوں باپ بیٹے کی تدفین عمل میں لائی گئی، میں صف ماتم بچھ گیااورلوگوں کی بھاری تعداد نے دونوں کے جنازے میں شرکت کی۔ اس دوران مہوراور سرنکوٹ میں پیش آئے دو سڑک حادثات میں 4افراد لقمہ اجل بن گئے ۔جمعہ کی شام 5بج کر 30منٹ ایک گاڑی زیر نمبر JK19-5322ارناس سے بتھوئی مہور جاتے ہوئے باجا موڑ جملاں کے نزدیک سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں دوافراد کی موقعہ پر ہی موت ہوگئی جبکہ تیسرے نے بعد میں مہور ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ مہلوکین کی شناخت 24سالہ دلار سنگھ ولد تلک راج ساکن لنڈر تحصیل پنچیاری ضلع اودھمپور ،22سالہ ذاکر احمد ولد محمد قاسم ساکن ٹھٹھہ تحصیل راج گڑھ ضلع رام بن اور 22سالہ ڈرائیور محمد سلیم ولد روشن دین ساکن راج گڑھ ضلع رام بن کے طور پر ہوئی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔دریں اثناء پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں ایک موٹرسائیکل حادثے میں نوجوان لقمہ اجل بن گیا۔مغل شاہراہ پر واقع سیالاں کے مقام پر موٹرسائیکل زیر نمبر JK11 2902حادثے کاشکار ہوگیا جس کے باعث موٹرسائیکل سوار 35سالہ فرید احمد ولد عبدالعزیز ملک ساکن سیالاں زخمی ہوا۔اسے فوری طور پر سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیاگیاجہاں وہ زخموں کی تا ب نہ لاکر چل بسا۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ نعش کو قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد ورثاء کے سپرد کیاگیا۔