تازہ ترین

نیشنل کانفرنس کی کامیابی | نئی دلی عوامی منڈیٹ کا احترام کرے: ساگر

25 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے وادی کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی حق رائے دہی کا صحیح استعمال کرکے نیشنل کانفرنس اُمیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ۔انہوں نے ووٹروں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس پر بھروسہ ظاہر کرنے پر ہم دل سے شکر گزار ہیں۔ساگر نے کہا کہ ہم وادی کے مرد و خواتین ، بزرگوں خصوصاً نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جمہوری عمل میں حصہ لیا اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے نیشنل کانفرنس کے صدرِ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ ساتھ ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور ریٹائر جسٹس حسنین مسعودی کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ علی محمد ساگر نے کہا کہ نئی دلی کو بھی کشمیری قوم کے منڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے اور دفعہ370 اور 35اے کو ختم کرنے کی کوششوں سے بازآنا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کی خواہشات منفرد نوعیت کی ہیں اور یہی منفرد خواہشات لیکر انہوں نے وفاق میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ مرکزی حکومت پر لازم ہے کہ وہ آئین ہند کا احترام کرتے ہوئے ریاستی عوام کی خواہشات وجذبات کو مقدم سمجھے اور9ویں ریاستی اسمبلی نے 1999میں عوام کے بنیادی حقوق واگزار کرنے کیلئے اٹانومی کی جو قرارداد پاس کی ہے اُس کو منظور کرکے عوام کے حقوق بحال کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹانومی کے مسودے میں ریاستی عوام کے مجموعی احساسات کی ترجمانی کی گئی ہے اور اِن سفارشات پر عمل کرنے کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر کو حتمی طور حل کرانے میں کافی مدد ملے گی۔