تازہ ترین

این سی کے ساتھ کبھی اتحاد نہیں ہوگا

ریاست میں ازخود حکومت تشکیل دیں گے: رینہ

25 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بویک ماتھر
جموں //لوک سبھا انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرنے کے دوسرے روز بھارتیہ جنتاپارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہاکہ ان کی جماعت ریاست میں حکومت سازی کیلئے نیشنل کانفرنس کے ساتھ کبھی اتحاد نہیں کرے گی ۔جموں میں ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے رینہ نے کہا’’ہمیں ریاست میں حکومت تشکیل دینے کیلئے کسی کے ساتھ اتحاد کی ضرورت نہیں کیونکہ ہمیں یہ یقین ہے کہ ہماری پارٹی اسمبلی چنائو میں 50سے زائد نشستیں حاصل کرے گی ‘‘۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے اس بیان پر کہ بھاجپا نے فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرکے انتخابات میں جیت حاصل کی ہے ، رینہ نے کہا’’ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو سرینگر میں اتنے ہی ووٹ پڑے جتنے جموں میں سرپنچ پنچایتی چنائو میں لے لیتے ہیں ،ہماری جماعت کو اس چنائو میں 17لاکھ ووٹ ملے اور اتنے ووٹ تو پی ڈی پی ، این سی ، کانگریس ، پنتھرز اور دیگر آزاد امیدواروں کے مل کے بھی نہیں بنتے ،لہٰذا ہمیں فاروق عبداللہ کے الفاظ کو سنجیدگی سے نہیں لیناچاہئے ‘‘۔رینہ نے کہاکہ اس الیکشن میں جموں کی دونوں نشستوں سے پارٹی امیدواروں نے ووٹ فیصد میں مزید اضافہ کیاجبکہ لداخ سے نوجوان لیڈر نے بڑے مارجن سے کامیابی دلائی ۔ذاکر موسیٰ کی ہلاکت سے متعلق سوال کے جواب میں رینہ نے کہاکہ اگر انہوں نے تشدد کاراستہ
 ترک نہ کیاتو ذاکر موسیٰ اوراس کے ساتھیوں کا یہی حال ہوگا ۔کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی ریاستی صدر نے کہاکہ اس ملک کے عوام سنجیدہ اور باشعور ہیں اور ملک دشمن اور ملک مخالف جذبات رکھنے والوں کو جگہ دینے والی اور ملی ٹینٹوں کو مار گرانے والی پارٹی کے درمیان فرق کرسکتے ہیں ۔