تازہ ترین

فورلین شاہراہ کی تعمیر سینکڑوں کنبوں کیلئے وبال جان، ہجرت کر نے پر مجبور

پنتھال ٹنل میں بلاسٹنگ سے مکانوں کو نقصان،مکین پریشان

25 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

عظمیٰ نیوز
رام بن //جموں سرینگر قومی شاہراہ فورلائن کی تعمیر سے رام بن اور بانہال کے درمیان سینکڑوں کنبے ہجرت کر نے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جب سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کو فورلائن میں تبدیل کر نے کا کام ایچ سی سی کمپنی نے ہاتھ میں لیا ہے تب سے لیکر آج تک سینکڑوں کنبہ جات ہجرت کر نے پر مجبور ہو گئے ہیں جن میں کہیں کنبہ جات نے محفوظ مقامات پر نقل مکانی کردی ہے ۔ وہیں پنتھال کے مقام پر زیر تعمیر ٹنل 3اور چار میں غیر ضروری بلاسٹنگ سے نزدیکی مکانوں کوشدید نقصان پہنچا ہے لیکن نہ ہی اس سلسلے میں ایچ سی سی کمپنی کے حکام اور نہ ہی ضلع انتظامیہ متاثرین کے لئے کوئی اقدامات اُٹھا رہے ہیں جس کی وجہ سے پنتھال کے متاثرین شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔ اس سلسلے میں نمائندے کے ساتھ بات کر تے ہوئے عبدالعزیز شیخ ولد محمد رمضان شیخ اور عبدالرشید سوہل نے بتایا جب سے پنتھال کے مقام پر ٹنل کا کام شروع ہواہے اور ان ٹنلوں میں غیر ضروری بلاسٹنگ سے مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹنل سے تقریباً270میٹر کی دوری پر پنتھال گائوں واقع ہے اور اس گائوں میں تقریباً40 سے50کنبے رہائش پذیر ہیں لیکن ایچ سی سی کمپنی کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پورا گائوں اس وقت خطرے سے دوچار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک سال سے ہم لوگ رات کو باری باری سوتے ہیں کیونکہ ہمیں رات کی تاریکی میں چوکیداری کر نی پڑتی ہے لیکن کمپنی اور ضلع انتظامیہ کسی بھی طرح کے کوئی اقدامات نہیں اُٹھا رہا ہے ۔ سب سے زیادہ نقصان عبدالعزیز شیخ ولدمحمد رمضان شیخ کے مکان کو پہنچا ہے جو کہ اس وقت کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گیا ہے وہیں عبدالرشید سوہل ساکنہ پنتھال کے مکان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں پنتھال کے متاثرین ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن ، اے سی ڈی رام بن ، تحصیلدار رام بن سے بھی ملے تھے لیکن انہوں نے یقین دہانی کے سوا کچھ بھی نہیں کیا ۔ اس سلسلے میں پنتھال کے متاثرین ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک اور ضلع ترقیاتی کمشنر سے بذریعہ اخبار اپیل کرتے ہیں کہ ٹنل میں بلاسٹنگ سے جو مکانوں کو نقصان پہنچا ہے اس کا سروے کر کے متاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کرکے دوسری جگہ پر منتقل کرے تاکہ وہ اپنے اہل عیال کو محفوظ مقامات منتقل کر کے راحت کی سانس لے سکے۔