تازہ ترین

مزید خبریں

25 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک

کامڈ اننت ناگ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت 

رمضان میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا 

ملک عبدالاسلام

اسلام آباد (اننت ناگ)//جنوبی کشمیر کے اسلام آباد(اننت ناگ )کے کامڈ علاقے میں پانی کی شدید قلت سے ہاہا کار مچی ہوئی ہے اور لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ پینے کے صاف پانی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ رمضان کے اس متبرک مہینے میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقے کے لوگوں میں ہا ہا کار مچی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ندی نالوں سے گندہ پانی لاکر اس کو پینے کیلئے استعمال کرنا پڑتا ہے۔علاقے کے لوگ پی ایچ ای کے حکام بالا سے اپیل کرتے ہیں کہ علاقے میں پینے کے پانی کی سپلائی کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ حال ہی میں اس علاقے میں گندا پانی پینے کے نتیجے میں قریب 150لوگ دست و قے کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد متعلقہ محکمہ نے بھی پانی کے نمونے حاصل کئے تھے۔لوگوں کاکہنا ہے کہ اصل میں یہ پانی ایک چشمہ سے فراہم کیا جاتا تھاجو گندہ ہوگیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے پانی کے جو نمونے حاصل کئے تھے، اس کی رپورٹ میں پانی کو غیر اطمینان بخش قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر کی نوٹس میں بھی لایا گیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای ڈویژن بجبہاڑہ نے بھی علاقے کا دورہ کیا،جس کے دوران محکمہ اور افسران کے خلاف نعرہ بازی کی گئی،جبکہ مقامی لوگوں نے عملہ کو ہی چشمہ کی دیکھ ریکھ میں ناکام ہونے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ ایک بار متعلقہ محکمہ نے علاقے میں پانی کا ٹینکر بھی بھیجا تھا تاہم ایک دن کے بعد اس کا سلسلہ بھی روک دیا گیا جس کے نتیجے میں شہریوں کو ماہ رمضان میں گندہ پانی استعمال کرنا پڑتا ہے۔
 
 

سابق آئی جی کے انتقال پر خورشید گنائی کا اظہار تعزیت 

 سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد شفیع وانی کے اِنتقال پر رنج و غم کا اِظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں مشیر نے اپنے سروس کیئر یر کے دوران موصوف کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کو یاد کیا اور انہیں ایک پیشہ ور پولیس اہلکار اور اچھا اِنسان قرار دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ موصوف نے پولیس افسر کے طور پرمختلف صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے ریاست میں بہتر خدمات انجام دیں۔خورشید گنائی نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی ہے اور سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اِظہا رکیا ہے۔
 
 
 

سرینگرمیں ہال مارک لیبارٹری کے قیام پر اتفاق

بی آئی ایس ورکشا پ کا انعقاد

 سری نگر//بی ایس آئی کے اہتمام سے منعقدہ ایک ورکشاپ میں کشمیرصوبے میں ایک ہال مارک لیبارٹری قائم کرنے پراتفاق کیا گیا۔سرینگرمیں ایک ورکشاپ کے دوران سناروں اور پیکیجنگ واٹر یونٹ ہولڈروں کو بی آئی ایس سے متعلق ضروری جانکاری فراہم کی گئی ۔نیہا کماری ( سائنٹسٹ ۔سی) نے جیولروں کو بی آئی ایس کے ساتھ رجسٹریشن کرانے کے لوازمات کے بارے میں بتایا ۔ یہ جانکاری ایک پاور پوائنٹ کے ذریعے دی گئی۔متعلقین نے ڈائریکٹوریٹ آف انڈسٹریز اینڈ کامرس پر زور دیا کہ وہ کشمیر صوبے میں ہال مارکنگ لیبارٹری قائم کریں کیوں کہ اُن کو اپنی مصنوعات  ہال مارک کرانے کے لئے جموں یا دلی لے جانے پڑتے ہیں۔محکمہ نے زینہ کوٹ سری نگر میں ایسی ایک لیبارٹری قائم کرنے سے اتفاق کیا۔اس موقعہ پر ناظم صنعت و حرفت کشمیر محمود احمد شاہ ، ڈائریکٹر بی آئی ایس کنسارا کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی موجود تھے۔
 
 
 
 

پلوامہ میں بیشتر علاقوں میں برقی رو کی آنکھ مچولی 

سرینگر// پلوامہ کے بیشتر علاقوں میں ماہ رمضان کے متبرک ایام کے باوجود سحری اور افطار کے اوقات کے دوران ہی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ دریائوں میں پانی کی مقدار میں اضافہ اور سرما کے مقابلے میں بجلی کے کم استعمال کے باجود علاقے کو دسمبر سے برقی رو کی سپلائی میں کوئی بہتری نہیں لائی گئی ہے جس کے نتیجے میں آبادی کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ لوگوں کاکہن اہے کہ محکمہ ہر ماہ بجلی فیس وصول کرتے ہیں لیکن شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کرتے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ضلع کے اکثر علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام بوسیدہ ہوچکا ہے جو معمولی ہوائیں چلنے کے بعد زمین پر گر جاتی ہیں جو کسی بھی وقت حادثے کا موجب بن سکتے ہیں ۔ترال اونتی پورہ ۔لاجورہ ،رتنی پورہ ۔کاکاپورہ ۔،چند گام،ٹہاب ،پہو،بٹہ پورہ راجپورہ وغیر علاقوں سے تعلق رکھنے والے بجلی صارفین کاکہنا ہے کہ ’ہم یہ دیکھ کر حیران ہوتے ہیں افطار کو 5منٹ ہوتے ہیں تو بجلی چلی جاتی ہے جبکہ سحری کے وقت ہر روز 3بجے بجلی چلی جاتی ہے جس کے سبب آبادی میں سخت غم و غصہ پایا جارہا ہے۔  انہوں نے متعلقہ محکمے سے بجلی سپلائی میں فوری طور معقولیت لانے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر وہ بجلی فیس بطور احتجاج ادا نہیں کریں گے ۔
 
 

نئی مرکز ی حکومت کشمیر کاباعزت حل تلاش کرے: وائس انٹرنیشنل 

سرینگر//کشمیرمیں بدامنی اورشورش کوختم کرنے کے تمام حل نئی دہلی سے آنے چاہیے ۔اس بات کااظہار کشمیر وائس انٹرنیشنل نے ایک بیان میں کیا ہے۔بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ نئی دہلی میں نئی حکومت کشمیر کاباعزت حل تلاش کرنے کیلئے پرامن حالات پیدا کرنے کیلئے اقدام کرے گی۔بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ لازمی ہے تشددمیں ملوث سبھی اپنے بندوقیں خاموش کریں اور امن کوایک موقعہ دیں۔کشمیروائس انٹرنیشنل کشمیرمیں تشددکے خاتمے کی زبردست وکالت کرتی ہے تاکہ پرامن اورباعزت حل کیلئے حالات پیداکئے جاسکیں ۔کشمیروائس انٹرنیشنل کا یہ بھی ماننا ہے کہ کوئی بھی حل تب تک ناممکن ہے جب تک نہ متعلقین اپنے سخت موقف میں لچک پیداکریں گے۔ کشمیروائس انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں مزیدکہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباددی ہے اورامیدظاہرکی ہے کہ نریندرمودی کے ساتھ امن عمل کی شروعات ہوسکتی ہے۔کشمیروائس انٹر نیشنل کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے1.5ارب لوگوں کے مفاد میں دونوں حکومتیں تلخیوں کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھیں گی تاکہ بداعتمادی کودورکرکے رشتوں کو بہتر بنایا جائے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر رشتوں سے ہی  دیرینہ مسائل کاحل نکل سکتا ہے۔بیان میں مزیدکہاگیا ہے کہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں بھاجپاکوایک مضبوط منڈیٹ حاصل ہوا ہے اورکشمیروائس انٹرنیشنل کو توقع ہے حکومت کشمیریوں کے ساتھ بات کرکے انہیں قابل قبول باعزت حل کی جستجو کرے گی۔     
 
 
 

مویشی سمگل کرنے کی کوشش ناکام ،17مویشی بازیاب 

راجوری //راجوری پولیس نے تحصیل تھنہ منڈی میں مویشی سپلائی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 17مویشی باز یاب کروالئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک معمول کی چیکنگ کے دوران ایس ایچ او تھنہ منڈی کی قیادت میں پولیس ٹیم کی جانب سے تھنہ منڈی قصبہ کے نزدیک ایک ٹرک زیر نمبر JK02AP-6729کو روک کر تلاشی لی گئی جس کے دوران اسمگل کئے جارہے 17مویشی باز یاب کرلئے گئے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے تھنہ منڈی پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
 
 
 

حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی کو صدمہ

والدہ ماجدہ کا انتقال ،سویہ بگ میں سپرد لحد ، دینی ،سماجی اور ادبی حلقوں کا اظہار تعزیت

نیوز ڈیسک

سرینگر// حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی کی والدہ محترمہ 18رمضان المبارک بمطابق 24مئی جمعہ کو انتقال کرگئی ۔ مرحومہ کی نماز جنازہ سویہ بگ بڈگام میں نماز جمعہ کے بعد ادا کی گئی جس میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے لوگوں نے شرکت کی۔نماز جنازہ کی پیشوائی مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کی ۔موصوفہ سید صلاح الدین کی ہمشیرہ اورمعروف بزرگ سید محمد سعید حقانی کی اہلیہ تھیں ۔ وہ کچھ عرصہ سے علیل تھیں ۔موصوفہ نیک سیرت ،پارسا اور تقویٰ شعار خاتون تھیں جنہوں نے عمر بھرعلماء کرام ،ان کے خلفاء اور مریدین کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیااوروہ سخاوت میں پیش پیش رہتی تھیں ۔خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کی اجتماعی فاتحہ خوانی 27مئی2019 سوموار کو صبح 11بجے انجام دی جائیگی۔ کئی دینی ،سماجی اور ادبی حلقوں نے تعزیت پیش کی ہے۔حقانی میموریل ٹرسٹ جموں و کشمیر کا ایک ہنگامی اجلاس بشر احمد ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اورمرحومہ کے حق میں دعاے مغفرت کی گئی ۔اجلاس میں لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ۔ادھر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سجادہ نشین درگاہِ حضرت شاہ قاسم حقانی اور حقانی ٹرسٹ کے چیئرمین سید عبدالحمید حقانی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی کیساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ یاد رہے موصوفی مولانا ریاض ہمدانی کی والدہ نسبتی بھی تھیں۔ مرحومہ حقانی خاندان کے معروف علمی اور روحانی شخصیت سید محمد سعید حقانی کی اہلیہ محترمہ تھیں۔اس دوران  جمعیت ہمدانیہ نے میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی کی پارسا والدہ نسبتی کے انتقالِ پُرملال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ جمعیت ہمدانیہ کے ایک تعزیتی اجلاس میں خاندانِ میرواعظانِ کشمیر(ہمدانیہ) اور حقانی خاندان کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے کلمات اور دعائے مغفرت ادا کیا گیا۔ اجلاس میں دونوں سوگوار خاندان کیساتھ خدامانِ زیارت شاہ ہمدانؒ خصوصاً امام بقعہ عالیہ خانقاہِ معلی حاجی امام غلام محمد ہمدانی، پیرزادہ محمد یاسین ظہرہ، نشاندہ آثار شریف شہری کلاش پورہ پیرزادہ منظور احمد نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ جمعیت کے صدر الحاج عبدالرشید گانی نے تعزیت اجلاس کی صدارت کی جبکہ اجلاس میں جمعیت کے سکریٹری پیرزادہ حاجی محمد اشرف عنایتی نے تعزیتی قرارداد پڑھ کر سنائی۔ اجلاس میں فاروق احمد گانی، الحاج منظور الحسین قریشی، الحاج پیرغلام نبی فاروقی، حاجی محمد یوسف مسکین، ایڈوکیٹ سید میر غلام نبی ، الطاف احمد خان ، حاجی غلام حسن خان، میر بشیر احمد کینٹ کے ساتھ ساتھ جمعیت سے وابستہ علمائے کرام، دانشور، اہل قلم ،ایمائے مساجد اور ممتاز وکلاء نے بھی خاندانِ میرواعظ اور حقانی خاندان کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔سابق ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر بڈگام اور محفل بہار ادب شاہورہ پلوامہ کے صدر حمید اللہ حمید نے خاندانِ حقانیہ کی نیک سیرت خاتون کی وفات پر دکھ کا اظہار کرکے سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے اور غم میں برابر شریک جتایا ہے۔انہوں نے مرحومہ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔تحریک اسلامی ،ابن حقانی یوتھ فاونڈیشن ،تنظیموالمدارس کے علاوہ دارالعلوم شاہ ولی اللہ ستہ بھونی کپوارہ ،دارالعلوم قریشیہ شری بارہمولہ ،دارالعلوم حقانیہ سویہ بگ ،دارالعلوم فیضان آروہ بیرو،دارالعلوم سلطان العارفین ترچھل پلوامہ نے بھی تعزیت پیش کی ہے۔
 
 
 
 

گریٹر کشمیر کے دہلی بیوروکارڈنیٹر جاویدجالب کوصدمہ،برادرانتقال کرگئے

سرینگر//گریٹرکشمیر دہلی بیوروکے ریذیڈنٹ کارڈنیٹر جاویدجالب کے برادر منصوراحمدجالب کا مختصرعلالت کے بعد حکیم باغ راولپورہ میں 22مئی کوانتقال ہوگیا۔اُنہیں اُن کے آبائی قبرستان پٹن بارہمولہ میں سپرخاک کیاگیا۔ان کی نمازجنازہ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔مرحوم کاچہارم آج یعنی 25مئی سنیچروارکواُن کی رہائش گاہ واقع راولپورہ متصل گورنمنٹ بائزہائراسکینڈری اسکول انجام دیا جائے گا۔گریٹرکشمیر اورکشمیر عظمیٰ کے اسٹاف نے ایک تعزیتی میٹنگ میں مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اوررب الکریم سے دعاکی گئی کہ وہ  پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کریں۔
 
 
 

 بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی اجتماعی افطار پارٹی کا اہتمام

 راجوری// باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے بوئز ہوسٹل میں ایک اجتماعی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے پانچ ہوسٹلوں اے پی جے عبد الکلام ،بی جی آر سی،علامہ اقبال،ڈاکٹر ذاکر حسین اور مولانا آزاد ہوسٹل کے طلبہ کی بھاری تعداد نے شرکت کی ۔ اس افطار پارٹی میں باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت مہمان خصوصی تھے۔اُن کے علاوہ رجسٹرارڈاکٹر اشفاق احمد زری ،ڈاکٹر شجاع الدّین ڈائریکٹر شعبہ حیوانات ونباتات،پروفیسر جی ایم ملک ڈین آف اسٹوڈینٹس ویلفیئر،ڈاکٹر نسیم احمد ڈین اسکول آف منیجمنٹ،ڈاکٹر اسرار غوث ڈائریکٹر شعبہ صحت وسیاحت،ڈپٹی رجسٹرار افتخار ، ڈاکٹر سوشیل ورما صدر شعبہ نباتات، ڈپٹی رجسٹرار فائنانس وی ایم شرما، وشال پوری صدر شعبہ الیکڑانکس اینڈ کمنکیشن، بھوشن لال کول ایگزیکیوٹیو انجینئر، ذاکر ملک پرائیویٹ سیکریٹری ، سُنیت گپتا ، رام سنگھ، رمیش کمار پنڈتا اسسٹنٹ لائبریرین ، منٹے شرما، راکیش شرما ، اشونی کماراور اویناش شرما نے شرکت کی ۔اس پُر مسرت اور کامیاب افطار پارٹی کے موقعے پرپروفیسر جاوید مسرت نے کہا کہ مجھے اس افطار پارٹی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی افطارپارٹی اور یوم سرسید کی یاد تازہ کروادی۔انھوں نے چیف وارڈن  ڈاکٹر شمس کمال انجم اور تمام ہوسٹلز کے وارڈنوں کو مبارک باددی ۔انھوں نے اس بہتر روایت کو برقرار رکھنے پر زور دیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پہلی مرتبہ یونیورسٹی کے ہوسٹل میں اس طرح کی اجتماعی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ۔
 
 
 

راجوری میں شراب کی 40 بوتلیں ضبط، 1گرفتار 

سمت بھارگو 

راجوری //راجوری پولیس نے ایک کارروائی کے دوران اسمگل کی جارہی شراب کی 40بوتلیں ضبط کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس پوسٹ راجوری کی جانب سے ایک کارروائی کے دوران بس اسٹینڈ کے نزدیک ایک ٹاٹا سو مو گاڑی زیر نمبرJK08A-9167 کو روک کر تلاشی لی جس کے دوران گاڑی سے شراب کی 40بوتلیں ضبط کرلی گئی ۔پولیس نے اس دوران مذکورہ گاڑی کے ڈرائیور محمد ایوب ولد محمد صدیق سکنہ راجدانی منجا کوٹ کو گرفتار کر لیا ۔پولیس نے ٹاٹا سومو گاڑیوں کو ضبط کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن راجوری میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔