تازہ ترین

ریاستی پولیس کے سربراہ کا دورہ ٔ خطہ پیر پنچال

اہلکاروں کو عوام دوست رہنے اور مجرموں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

29 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 راجوری //ریاستی پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے خطہ پیر پنچال پر مشتمل راجوری اور پونچھ اضلاع کا دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس دوران دلباغ سنگھ نے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام دوست پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہوئے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ ملی ٹینسی اور جرائم کے خلاف بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیاجائے ۔ ان کے ہمراہ آئی جی پی وجے کمار اور ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ویویک گپتا بھی تھے ۔پولیس لائنز راجوری اور پولیس لائنز پونچھ میں اہلکاروں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے دلباغ سنگھ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پولیس کے رول کو قومی سطح پر سراہاجارہاہے اور پولیس نے پرامن طور پر ہوئے لوک سبھا انتخابات میں بھی بہترین رول ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کا کاروبارسماج کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج بن گیاہے اوراس کو سماج سے ختم کرنے کیلئے سختی سے کام کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کا استعمال سماج کیلئے انتہائی نقصاندہ ہے اور جموں وکشمیر پولیس اس کا قلع قمع کرنے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ منشیات فروشوں کو پی ایس اے کے تحت گرفتار کیاجائے گا۔ پولیس سربراہ نے پولیس اہلکاروں کے تربیتی ہنر اور تکنیکوں میں بہتری لائی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایس پی اوز کی خدمات کو جاری رکھنا قابل سراہناہے اور محکمہ ان کا پورا خیال رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ میں مزید ترقیاں دینے کے امکانات تلاش کئے جائیں گے۔اس دوران ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس اور ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے پولیس سربراہ کو دونوں اضلاع میں کام کاج کے حوالے سے روشناس کروایا۔