تازہ ترین

کنٹونمنٹ علاقے میںگندگی کے ڈھیرجمع

صوبائی کمشنرکی حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت

29 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
سرینگر//شہر کے کنٹونمنٹ علاقے میں گندگیوں کے ڈھیر وں کی موجودگی کے بیچ صوبائی کمشنر کشمیر نے ان علاقوں میں صفائی مہم کا جائزہ لیا،جس کے دوران ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔بادامی باغ کنٹونمنٹ کے شہری علاقوں بشمول بٹوارہ، شیوپورہ، سونہ وار اور دیگر علاقوں میں گزشتہ 2ماہ سے گندگیوں کے ڈھیروں کو کنٹونمنٹ کا متعلقہ عملہ ٹھکانے لگانے میں ناکام ہوچکا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ با قاعدگی کے ساتھ کنٹونمنٹ بورڈ ہر ماہ فی کنبے سے کوڈہ کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے50 روپے فی گھر کے حساب سے فیس بھی وصول کرتا ہے،تاہم گزشتہ کئی  ہفتوں سے اگر چہ عملہ نے گھروں سے کوڈا کرکٹ لیا،تاہم اس کو کوڈہ دانوں کی نذر کرنے کے بعد ٹھکانے نہیں لگایا گیا۔ اس دوران کنٹونمنٹ علاقوں کی متعلقہ  محلہ کمیٹیوں نے اتوار کو ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سے بھی ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے بادامی باغ  اور اس کے نواحی علاقوں میں صفائی مہم کا ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی کمشنر کشمیر نے متعلقہ افسران کو فوری طور پر بادامی باغ کنٹونمنٹ اور اس کے نواحی علاقوں میں گندگی کو ٹھکانے لگانے میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت دی تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ایک ہفتے میں مکمل رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال،ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ،کمشنر سرینگر مونسپل کارپوریشن،چیف ایگزیکٹو افسر کنٹونمنٹ بورڑ،پرنسپل سی ٹی سی لیتہ پورہ،ایڈمنسٹریشن کمانڈنٹ بادامی باغ بورڈ کنٹونمنٹ،ڈپٹی ڈائریکٹر اربن لوکل باڈئز،گاندربل و پانپور کے اربن لوکل باڈئز کے اگزیکٹو افسران،اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔