تازہ ترین

ارون جیٹلی نئی حکومت میں وزیر نہیں بنیں گے

30 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے خراب صحت کی وجہ سے وزیر اعظم نریندرمودی کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے )کی نئی حکومت میں انہیں وزیر نہ بنانے کی درخواست کی ہے ۔مسٹر جیٹلی نے وزیراعظم مسٹر مودی کو ایک خط لکھ کر یہ درخواست کی ہے ۔انہوں نے لکھا ہے کہ‘‘ آپ کی قیادت میں پانچ برس حکومت کا حصہ رہنا میرے لئے بہت اعزاز کی بات رہی اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔اس سے پہلے این ڈی اے کی پہلی حکومت میں بھی کام کرنے کی خوش قسمی رہی۔اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی پارٹی نے مجھے اہم فرائض سونپے ۔’’انہوں نے لکھا کہ تقریباً 18مہینوں سے وہ صحت سے متعلق بے حد مشکل حالات سے دوچار رہے ہیں۔ڈاکٹروں نے زیادہ تر موقوں پر انہیں ان حالات سے ابرنے میں مدد کی ہے ۔خط میں سابق وزیر خزانہ نے مسٹر مودی سے کہا کہ تشہیری مہم کے ختم ہونے پر ان کے کیدارناتھ روانہ ہونے سے پہلے انہوں نے زبانی طورپر ان سے (وزیراعظم سے )درخواست کی تھی کہ وہ مہم کے دوران پارٹی کی ذمہ داری اٹھاتے رہے ہیں لیکن مستقبل میں وہ کسی بھی ذمہ داری سے دور رہنا چاہیں گے تاکہ وہ اپنا علاج کراسکیں اور صحت پر توجہ دے سکیں۔مسٹر جیٹلی نے کہا کہ وہ اس خط میں رسمی طورپر درخواست کر رہے ہیں کہ انہیں علاج اور صحت بہتر کرنے کے لئے وقت چاہئے ۔اس لئے وہ نئی حکومت میں کوئی ذمہ داری نہیں لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اپنا کافی وقت ہوگا اور حکومت اور پارٹی کے لئے وہ غیر رسمی طورپر کچھ نہ کچھ کرتے رہیں گے ۔یواین آئی۔