تازہ ترین

آئی سی سی ورلڈ کپ ۔ 2019 | پاک-سری لنکا میچ بارش کی نذر

دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ مل گیا

8 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
لندن// پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ 2019 کا میچ بارش کے باعث کے منسوخ کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا جس کے بعد سری لنکن ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے اور پاکستانی ٹیم چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم کو اپنا تیسرا میچ سری لنکا کے خلاف برسٹل کے مقام پر کھیلنا تھا جہاں کپتان سرفراز احمد جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پْر عزم تھے لیکن بارش نے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس کرنے کی اجازت نہیں دی۔برسٹل میں بارش تھمنے کے بعد امپائرز نے مقامی وقت کے مطابق 3 بج کر 40 منٹ پر وکٹ کا جائزہ لیا اور امپائر آئن گولڈ نے پاکستانی کوچ مکی آرتھر سے کچھ بات کی اور 3 بج کر 46 منٹ پر میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔میچ کی منسوخی کے بعد دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 3،3 ہوگئے ہیں اور اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر تیسری اور چوتھی پوزیشن پر آگئی ہیں۔سری لنکا کی ٹیم بہترین رن ریٹ کی بنا پر تیسری اور پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھی پوزیشن اپنے نام کرلی ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت نیوزی لینڈ سرفہرست اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے، دونوں ٹیموں نے ابتدائی دو میچوں میں کامیابی حاصل کرکے 4 پوائنٹس بنائے ہیں۔ویسٹ انڈیز اور میزبان انگلینڈ ایک، ایک شکستوں کے بعد بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر چلی گئی ہیں اور اب تک ایک میچ کھیلنے والی بھارتی ٹیم ساتویں نمبر پر ہے جس کے بعد بنگلہ دیش کا نام آتا ہے۔قبل ازیں دونوں ٹیموں کی جانب سے برسٹل میں شیڈول میچ کے لیے بہترین تیاری کی گئی تھی۔میچ کے حوالے سے پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ 'میں خوش ہوں کہ ہماری ٹیم جیت کی راہ پر گامزن ہوچکی ہے، ہمارے پاس دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت ہے۔سرفراز احمد نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔