تازہ ترین

بنک چیرمین کی برطرفی کاطریقہ کار صحیح نہیں تھا

سرکار ی فیصلے سے ادارے کے مستقبل کو شدید دھچکا: سابق چیرمین محمد یوسف خان

12 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر //جموں وکشمیر بنک کے سابق چیرمین محمد یوسف خان نے سرکار کی جانب سے بنک چیرمین کی برطرفی کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے بتایا کہ حالات کے ساتھ نمٹنے کیلئے دوسرا طریق کار بھی اختیار کیا جاسکتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکار کی جانب سے حالیہ کارروائی سے بنک کے مستقبل کو شدید دھچکا لگا ہے جس کی تلافی ایک کٹھن کام ہے۔انہوں نے سرکار اور بنک انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ صارفین کے اعتماد کو بحال کرنے کیلئے انہیں اعتماد میں لیں۔  جموں وکشمیر بنک کے سابق چیرمین محمد یوسف خان نے جموں وکشمیر بنک سے جڑے تازہ تنازعے پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے اِسے بدقسمتی سے تعبیر کیا ۔سابق چیرمین نے بتایا کہ گزشتہ دنوں سرکار کی جانب سے بنک چیرمین کی ہنگامہ خیز برطرفی بدقسمتی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرکار نے چیرمین کی برطرفی سے متعلق جو طریقہ کار اپنایا ،وہ شایان شان نہیں تھا بلکہ اس کو مہذب انداز سے بھی نپٹا جاسکتا تھا۔خان نے کہا جس طرح ایک شخص کو اپنے عہدے سے برطرف کرکے دوسرے شخص کو عبوری چیرمین مقرر کیا گیا ، ایسا قطعی طور پر نہیں ہونا چاہیے تھا۔سابق چیرمین کے مطابق بحیثیت ایک عہدہ دار کے ہم سرکار، سرمایہ دار اور شیئر ہولڈروں کے سامنے جوابدہ ہیں۔ جموں وکشمیر بنک ریاستی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ ادارہ ریاست کا اہم ترین اور مؤقر ادارہ ہے جس کے ساتھ عوام کی توقعات وابستہ ہے۔سرکار نے برطرفی اور تعیناتی سے متعلق جو طریقہ کاراختیار کیا ،وہ صحیح نہیں تھا بلکہ اس کے برعکس دوسرے طریق کار کو اختیار کرنے کی ضرورت تھی۔ایک سوال کے جواب میں محمد یوسف خان نے بتایا کہ سرکار کی حالیہ کارروائی کے نتیجے میں بنک کے مستقبل کو کافی دھچکا لگا ہے جس کو پُرکرنا آسان کام نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں اُمیدکرتا ہوں کہ آنے والے وقت میں صورتحال موزوں رُخ اختیار کرے گی۔انہوں نے سرکار اور بنک انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ صارفین کے اعتماد کو مزید ٹھیس پہنچانے کے بجائے ان کے بھروسے کو بحال کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں۔ محمد یوسف خان کے مطابق سرکار اور بنک منیجمنٹ کو چاہیے کہ وہ کسی بھی صورتحال کے موقع پراپنے صارفین کو اعتماد میں لیں۔(کے این ایس)