دفعہ370کیساتھ چھیڑ چھاڑ آگ سے کھیلنے کے مترادف: ساگر

مرحوم خواجہ غلام محی الدین شاہ کی برسی پر چھتہ بل میں تقریب

12 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ماہر قانون مرحوم خواجہ غلام محی الدین شاہ (بچھ) کی15ویں برسی پر کل اُن کے مقبرہ واقع زیارت حضرت سید محمد منتقیؒ صاحب چھتہ بل پر ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں سب سے پہلے قرآن کی تلاوت اور کلمات وتحلیلات کی مجلس آراستہ ہوئی۔ بعد میں مرحوم کے مرقد پر گلباری، فاتحہ خوانی ادا کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس دفعہ 370 اور 35اے کا دفاع کرنے کیلئے برسرجہد ہے اور ہماری جماعت ان دفعات کی رکھوالی کرنے کیلئے کوئی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر ریاست کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کی رٹ لگائے ہوئے ہیں اُن کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے کیونکہ آئین ہند کی ان دفعات کے خاتمے کی صورت میں ریاست کا ملک کیساتھ مشروط الحاق بھی ختم ہوجائے گا۔ علی محمد ساگر نے کہاکہ جس آئین نے جموں وکشمیر کو خصوصی پوزیشن دی ہے اُسی آئین اس خصوصی پوزیشن کو تحفظ بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ملک کے بڑے بڑے عہدوں پر فائز لیڈران ریاست کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیںاور ایسے بیانات آگ میں تیل چھڑکنے کے مترادف ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس موقعے پرناصر اسلم وانی،عبدالرحیم راتھر ، مبارک گل ، علی محمد ڈار، صدرِ ضلع سرینگر پیر آفاق احمداور کئی عہدیدران بھی موجود تھے۔
 
 

تازہ ترین