لیبیا میں شدید کشیدگی، اقوام متحدہ کی فائر بندی کی اپیل

12 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
نیویارک// اقوام متحدہ نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری انسانی فائر بندی کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے لیبیا تعاون مشن نے دو ماہ سے شدید جھڑپوں کی لپیٹ میں آئے ہوئے دارالحکومت طرابلس میں فوری انسانی فائر بندی کی اپیل کی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے لیبیا کے لیے نمائندہ خصوصی غسان سلامی نے طرابلس میں جھڑپوں کے علاقوں سے نکل کر اسکولوں میں پناہ لینے والے داخلی مہاجرین سے ملاقات کی جس کے بعدلیبیا تعاون مشن کی طرف سے ایک تحریری بیان جاری کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سلامی نے طرابلس میں اقوام متحدہ سے منسلک اداروں کی کاروائیوں کا موقع پر جائزہ لیا اور مہاجرین کی پناہ گاہ ابوذرغفاری اور احمد بن شتوان اسکولوں کا دورہ کیا۔ بیان میں فوری انسانی فائر بندی کی اور مہاجرین کے لیے امداد میں اضافہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ لیبیا کے مشرق میں موجود فوجی طاقتوں کے لیڈر جنرل ہفتر نے دارالحکومت پر قبضے کے لیے 4 اپریل کو حملوں کا حکم دیا تھا جس کے جواب میں قومی مفاہمتی حکومت کی یونٹوں نے بھی برقان الغضب آپریشن شروع کر دیا تھا۔
 

تازہ ترین