تازہ ترین

جموں خطے میں بھی ’’ بیک ٹو وِلیج ‘‘ پروگرام میں لوگوں کی بڑھ چڑھ کر شرکت

21 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 جموں//جموں خطے کے دیہی علاقوں میں آج بیک ٹو ولیج مہم کے تحت کافی گہماگہمی اور سرگرمیاں دیکھنے کو ملی ۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ زمینی سطح پر اختیارات تفویض کئے جاسکیں اور مختلف فلاحی سکیموں کی عمل آوری میں لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔اپنی نوعیت کے اس منفرد پروگرام میں افسروں اور لوگوں کے درمیان باہمی استفسار ہوا ۔ اس کے علاوہ کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا گیا۔ کئی ایک پروجیکٹوں کا سنگ بنیا د رکھا گیا اور ترقیاتی پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ ان کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے لوگوں کی تجاویز حاصل کی گئیں۔لوگوںنے بلالحاظ سماجی ، سیاسی و ثقافتی وابستگیوں کے اس اہم پروگرام میں حصہ لیااور اپنے اپنے علاقے کے منظر نامے کو معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے اپنی آرا ء حکومت کے سامنے رکھی۔
جموںمیں پروگرام کی شروعات 113 پنچائتوں میں کی گئی جہاں نامزد افسروں نے عوام کے علاوہ پنچائتی راج اداروں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر رمیش کمار نے مختلف بلاکوں کی کئی پنچائتوں کا دورہ کیا اور اس پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔اس موقعہ پر پی آر آئیز نے ضلع سے متعلق کئی معاملات اُبھارے جنہیں ضلع ترقیاتی کمشنر نے موقعہ پر ہی حل کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مختلف پنچائتوں کے دورے کے دوران کئی معاملات موقعہ پر ہی حل کئے۔
کٹھوعہ میں ڈی سی وکاس کنڈل نے مختلف پنچایتوں کا دورہ کر کے لوگوں کو دستیاب بنیاد ی سہولیات کا جائزہ لیا۔ بیک ٹو ولیج اقدام کے تحت کٹھوعہ میں 60پنچایتوں پر مشتمل 4بلاکوں میں عوامی رابطہ چلائی گئی۔اس دوران نامزد افسروں نے گائوں کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اور زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس دوران سرکار کی طرف سے چلائی جارہی فلاحی سکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔چیئر مین جے کے ایس ایس بی راہل شرما ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات جموں میناکشی وید کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ موجود تھے۔
اودھمپو رمیں یہ فلیگ شپ پروگرام میں ایک ہی 96پنچایتوں میں شروع کیا گیااور نامزد افسروں نے الاٹ کی گئی پنچایتوں کا دورہ کر کے لوگوں کی ضروریات اور مطالبات کا جائز ہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری پلاننگ ، ترقی و مونیٹرنگ روہت کنسل نے سرار پنچایت چنینی میں کھیل کے ایک میدان کو وقف کر کے بیک ٹو ولیج مہم کا آغاز کیا۔ اس دوران انہوں نے پنچایتی راج نمائندوں کے علاوہ لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اور زمینی سطح پر ترقیاتی منظرنامے کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس موقعہ پر لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مطالبات افسروں کے سامنے رکھے۔علاوہ ازیں کئی دیگر سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیااور خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔جن افسروں نے پنچایتوں کا دورہ کیا ان میں ریلیف کمشنرٹی کے بھٹ ، ڈائریکٹر رورل سنٹیشن لینا پاڈا ، ایڈیشنل کمشنر منیشا سرین اور کئی دیگر افسران بھی شامل تھے۔
ریاسی میں یہ پروگرام 28پنچایتوں میں شروع کیا گیا اور لوگوں نے بڑھ چڑھ کر ان میں شرکت کر کے اپنے اپنے معاملات افسروں کے سامنے رکھے۔ڈی سی ریاسی اندو کنول چب نے ریاسی اور پونی بلاکوں کے متعدد پنچایتوں کا دورہ کر کے بیک ٹو ولیج پروگرام کی عمل آوری پر نظر گزر رکھی۔انہوں نے پنچایتی راج اداروں کے نمائندوں کے علاوہ مقامی لوگوں کے ساتھ  بھی بات چیت کی اور ضلع دیہی علاقوں میں زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔
راجوری میں یہ پروگرام بیک وقت 75 پنچایتوں میں شروع کیا گیا۔ جہاں نامزد افسروں نے پنچوں سرپنچوں اور دیگر متعلقین کے ساتھ بات چیت کی اور لوگوں سے ان کا فیڈ بیک حاصل کیا۔ضلع کے ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اسد نے کئی پنچایتوں کا دورہ کیا اور عوامی نمائندوں کے ساتھ بات کی۔مہم کے دوران افسروں نے بیک ٹو ولیج پروگرام کے مقاصد کو اُجاگر کیا۔ افسروں نے سرکاری اداروں اور پروجیکٹوں کا معائینہ کر کے برسر موقعہ ترقیاتی منظرنامے اور لوگوں کے مسائل کا جائزہ لیا۔
رام بن میں42 پنچائت حلقوں میں بیک ٹو ولیج پروگرام کی شروعات کی گئی جن میں رام بن، بٹوت اور راج گڑھ بلاک شامل ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے کئی ضلع افسران کے ہمراہ پنچائتوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس اہم پروگرام کی کامیابی کے لئے حکومت کی کاوشوں میں اپنا تعاون دیں۔
ڈوڈہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ساگر ڈی ڈائیفوڈ نے اس پروگرام کے سلسلے میں مختلف پنچائتوں کا دورہ کیا اور پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈاکٹر ساگر نے کھلینی پنچائت کا دورہ کیا اور وہاں نئے تعمیر کئے گئے بیت الخلاء کا افتتاح کیا۔انہوں نے لوگوں کے ساتھ استفسار کے دوران انہیں حکومت کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔
پونچھ ضلع میں ڈپٹی کمشنر ر اہول یادو نے ضلع افسروں کے ہمراہ کئی پنچائتوں کا دورہ کیا جن میں منڈی اور موراں بلاک شامل ہیں۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو حکومت کی طرف سے چلائی جارہی مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔ ضلع میں پہلے کے دوران57 پنچائتوں میں پروگرام چلایا جارہا ہے۔
کشتواڑ ضلع میں پہلے مرحلے کے تحت42 پنچائتوں میں اس پروگرام کی شروعات کی گئی جہاں مقررہ افسروں نے پنچائتوں کا دورہ کیا اور بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت اپنی سرگرمیاں شروع کیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کشتواڑ اور ناگ سینی بلاکوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے لوگوں کو گرام سبھا میں چلائے جارہے پروگراموں میں شرکت کرنے کی اپیل کی۔
سانبہ ضلع میں متعلقہ افسران نے ضلع کی مختلف پنچائتوں کے دورے کے دوران لوگوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ افسروں نے ضلع کے تین بلاکوں بڑی براہمناں، گگوال اور راجپورہ کی30 پنچائتوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر سشما چوہان نے ضلع افسروں کے ہمراہ مختلف پنچائتوں کا دور ہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کی۔لاء سیکرٹری اچل سیٹھی، ممبر جے کے ایس ایس بی رچنا شرما، ڈپٹی کمشنر سٹیٹ ٹیکسز، انفورسمنٹ سانبہ پونیت شرمانامزد افسروں میں شامل تھے، جنہوں نے پہلے مرحلے کے دوران مختلف پنچائتوں کا دورہ کیا۔