تازہ ترین

کشمیری پنڈتوں کی وطن واپسی انسانی مسئلہ

مشترکہ کمیٹی تشکیل دیکر ہر طبقے کیساتھ بات ہوگی:میر واعظ

12 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

کے این ایس
سرینگر //حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے پنڈتوں کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کیلئے آنے والے دنوں میں علماء، تاجر، سیول سوسائٹی اور پنڈتوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے ہجرت کرچکے پنڈتوں کو وادی واپس لانے کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ میرواعظ نے بتایا کہ حال ہی میں منعقدہ میلہ کھیر بھوانی کے موقعہ پر پنڈت برادری سے وابستہ لوگوں نے انکے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے اپنی وطن واپسی کیلئے بحثیت میرواعظ اپنی ذمہ داری ادا کرنے پر زور دیا۔میرواعظ نے بتایا کہ پنڈتوں کی واپسی ایک انسانی مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں پیش رفت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ کشمیری پنڈتوں کی وطن واپسی کو کشمیر مسئلے کے زاویئے سے نہ دیکھا جائے بلکہ یہ سراسر ایک انسانی مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران کشمیری پنڈتوں نے واضح کردیا کہ وہ علیحدہ کالونیوں میں رہنے کے روادار نہیں ہیں بلکہ مسلمان بستیوں میں اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ زندگی گزارنے پر رضامند ہیں۔میرواعظ نے کہا’’ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پنڈت برادری کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جس میں علماء، سیول سوسائٹی، تاجروں کے علاوہ پنڈت برادری سے وابستہ لوگ شامل ہوںگے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی ہر ایک طبقے کیساتھ ملاقات کرے گی اور پنڈتوں کی وطن واپسی کیلئے راہ ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کریگی۔اس موقعہ پر میرواعظ نے نیوز روم میں بیٹھے چند عناصر پر برستے ہوئے کہا کہ وہ لوگ کشمیری پنڈتوں کا کیس کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں جو کہ بدقسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم (حریت) کشمیری پنڈتوں کی وطن واپسی میں کوئی سیاسی فائدہ سمیٹنا نہیں چاہتے اور نہ ہمیں اس کے عوض ووٹوں کی ضرورت ہے، ہم اپنی طرف سے بھر پور کوشش کریں گے تاہم سرکار کو بھی اس سلسلے میں کارگر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے جن میں پنڈت برادری سے وابستہ لوگوں کی مالی امداد شامل ہیں۔ میرواعظ نے بتایا کہ پنڈتوں کیساتھ مل بیٹھ کر بات چیت کی جاسکتی ہے اور میرا ماننا ہے کہ انہیں اس بات کا گہرائی سے ادراک حاصل ہوگا کہ کس طرح مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر انہیں اپنے فائدے کیلئے استعمال کررہے ہیں۔مشترکہ مزاحمتی قیادت نے 13جولائی سنیچر کو پورے جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتا ل کی اپیل کی ہے۔