تازہ ترین

جڑی بوٹی کی بین الریاستی سمگلنگ کی کوشش ناکام

بھدرواہ میں 650کلو گرام’ زخم حیات ‘ضبط کرلی گئی

12 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

طاہر ندیم خان
بھدرواہ //طبی لحاظ سے اہم جڑی بوٹی زخم حیات کی بین الریاستی سمگلنگ کی ایک اور کوشش کو ناکام بناتے ہوئے محکمہ جنگلات نے بڑی مقدار میں یہ جڑی بوٹی ضبط کرلی ہے ۔ایک خصوصی اطلاع ملنے پر بلاک افسر حافظ ڈار نے ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر اور رینج افسر شفقت خاقان ملک کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے رات کے وقت لگ بھگ 2بج کر 30منٹ پر 650کلو گرام زخم حیات جڑی بوٹی ضبط کرلی جس کی مالیت 5.50لاکھ روپے بنتی ہے ۔اس جڑی بوٹی کو غیر قانونی طور پر ہماچل پردیش کے چمباقصبہ میں منتقل کیاجارہاتھا ۔ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر نے بتایاکہ انہیں یہ اطلاع ملی تھی کہ جڑی بوٹی کوپڑوسی ریاست میں سمگل کیاجارہاہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ کی ٹیم نے 24بیگ ضبط کرلئے جن میں یہ چھپاکر رکھی گئی تھی ۔ انہوں نے بتایاکہ انہوں نے سمگلروں کی ویڈیو فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے جو جنگلات سے اس جڑی بوٹی کو سمگل کرتے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ ان سمگلروں کی شناخت کرلی گئی ہے جن کاتعلق سرحدی گائوں تھانہالہ اور شریکھی سے ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کیاگیاہے اور ایسے سمگلروں کو پی ایس اے کے تحت گرفتار کرنے کی سفارش کی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ تیس جون کو بھی 500کلر گرام زخم حیات کی ضبطی عمل میں لائی گئی تھی جسے بھی پڑوسی ریاست ہماچل پردیش منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی ۔