تازہ ترین

پلاسٹک اور پالیتھین کا استعمال ترک کرنے کی ضرورت

آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق ورکشاپ میں ماہرین کا اظہار

11 جولائی 2019 (30 : 11 PM)   
(      )

اشفاق سعید
سرینگر // ریاستی محکمہ جنگلات و ماحولیات نے پلاسٹک اور پالیتھن کے استعمال کو ترک کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آب وہوا کی تبدیلی کے مختلف پہلووں سے نپٹنے کیلئے ہنر مندوں اور تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ ریاست جموں وکشمیر میں لوگوں کو ایک صاف ستھرا ماحول مل سکے ۔ذرائع ابلاغ سے جڑے افراد کو آب و ہوا کی تبدیلی کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرانے سے متعلق 3روزہ ورکشاپ جمعرات کوسرینگر میں اختتام پذیر ہوا جس دوران ماہرین نے آب و ہوا کے خطرات ، اس کے عوامل، اثرات اور اس سے نمٹنے سے جڑے امور کی شواہد پر مبنی رپورٹنگ کرنے کی ضرورت پر زو ردیا۔ ورکشاپ کا اہتمام سینٹر فار میڈیا سٹیدیز، انڈین ہمالیاز کلائمیٹ ایڈپٹیشن پروگرام نے ریاستی محکمہ ماحولیات نے مشترکہ طور کیا تھا۔اس دوران کمشنر سیکرٹری اطلاعات، ماحولیات وجنگلات منوج کمار دویدی نے کہا کہ آب و ہوا کی تبدیلی کے مختلف پہلوؤں سے نمٹنے کے لئے ہُنر مند اور تربیت یافہ افرادی قوت تیار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ کچھ اختراعی اقدامات کرنے کی بھی ضرورت ہے اور پلاسٹک اور پالیتھن کے استعمال کو ترک کیا جانا چاہئے۔بعد میں منوج دویدی نے ورکشاپ کے شرکاء اسناد بھی تقسیم کیں۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر ماحولیات و ریموٹ سینسنگ بی سدھارتھ کمار بھی موجود تھے۔اس سے قبل ایک راؤنڈ ٹیبل مباحثہ بھی منعقد ہوا جس میں معروف صحافی اطہر پرویز، نوڈل افسر سٹیٹ کلائمیٹ چینلج سیل ڈاکٹر ماجد فاروق، پیوپلز انوائرنمنٹل کونسل کے سلمان خورشید، نارتھ کیمپس کشمیر یونیورسٹی کے ڈاکٹر دانش نبی، منیجنگ ایڈیٹر انڈی اسائنس وائیر دنیش سی شرما اور ہیڈ ایڈوکیسی سی ایم ایس انو آنند نے بھی شرکت کی۔مقررین نے ذرایع ابلاغ اور سائنسدانوں و پالیسی سازوں کے مابین تفاوت کو دُور کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ میڈیا میں آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق معیاری رپورٹنگ کو یقینی بنایا جاسکے۔