تازہ ترین

کوکر ناگ میں جنگجوئوں کی فائرنگ،این سی لیڈر کا محافظ جاں بحق

دیوسر میں پُر اسرار دھماکہ، 2زخمی، جموں سیول سیکریٹریٹ میں فورسز اہلکار کی خودکشی

15 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(   عکاسی: میر وسیم    )

عارف بلوچ
 اننت ناگ // کوکر ناگ میں نیشنل کانفرنس لیڈر کے ذاتی محافظ کو مشتبہ جنگجوئوں نے گولیاںمار کر ہلاک کردیا۔اس دوران دیوسر کولگام میں پر اسرار دھماکے میں دو افراد زخمی ہوئے جبکہ سیول سیکریٹریٹ جموں میں تعینات سی آر پی ایف اہلکار نے خود کشی کرلی۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ این سی لیڈر سید توقیر شاہ نے اتوار دن میں پہلے اہلن گڈول میں ورکرس کی میٹنگ طلب کی تھی اور اسکے بعد ہلر کوکرناگ میں بھی اسی طرح کی میٹنگ منعقد ہوئی جو کافی دیر تک جاری رہی۔انہوں نے کہا کہ شام کے وقت 6بجکر 25منٹ پر جب محمد جبار شیخ کے گھر پر بلائی گئی میٹنگ ختم ہوئی تو مین گیٹ پر این سی لیڈر کے ذاتی محافظ ڈیوٹی دے رہے تھے۔اسی دوران وہاں کم سے کم بندوق بردار نمودار ہوئے اور انہوں نے پولیس کانسٹیبل پر گولیاں چلائیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں لوگوں کی بیٹھ دیکھ کر بندوق بردار ایک پرائیویٹ گاڑی میں فرار ہوئے جبکہ شدید زخمی سلیکشن گریڈ کانسٹیبل ریاض احمد بیلٹ نمبر A/713 ساکن پلوامہ کو علاج معالجہ کیلئے پہلے کوکرناگ اور بعد میں ضلع اسپتال اننت ناگ  منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔فائرنگ کے سبب علاقے میں افراتفری مچ گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی جانب بھاگ گئے۔واقع کے بعد فوج اور پولیس نے علاقے کو محاصرہ میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی۔ادھر پولیس کے مطابق جنوبی ضلع کولگام کے آدی گام دیوسر علاقے میں ایک پر اسرار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اُن کا علاج ومعالجہ جاری ہے۔ اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے جبکہ دھماکہ کیسے اور کن حالات میں رونما ہوا اس کی بھی جانچ پڑتال ہو رہی ہے۔دریں اثناء پولیس کے مطابق اتوار بعد دوپہر قریب 2بجکر 10منت پر سیول سیکریٹریٹ جموں میں تعینات سی آر پی ایف 37بٹالین ڈی کمپنی کے اہلکار آر رام کمار نے اپنی سروس رافل سے خود پر گولی چلائی جس سے وہ خون میں لت پت ہوگیا۔اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا لیکن وہ دم توڑ چکا تھا۔