تازہ ترین

ٹریفک حادثات کا نہ تھمنے والا سلسلہ برابر جاری

نوشہرہ اور جموں میں کمسن بچی اور خاتون سمیت4لقمۂ اجل

18 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

رمیش کیسر
نوشہرہ +جموں //راجوری نوشہرہ اور جموں میں دو مختلف حادثات میں کمسن بچی اور خاتون سمیت 4افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 1زخمی ہواہے ۔نوشہرہ کے سرحدی علاقے لام میں فوجی گاڑی نے راہ چلتی خاتون اور کمسن بچی کو ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں دونوں کی موت ہوگئی۔ 35سالہ کنیز بیگم زوجہ محمد اسلم اور 7سالہ بچی روبیہ کوثر دختر محمد اکسر ساکنان لام،لام کے مقام پر سڑک کنارے چل رہی تھیں جس دوران نوشہرہ سے لام جارہی فوجی گاڑی نے انہیں ٹکر ماردی ۔گاڑی کی ٹکر کے نتیجہ میں روبیہ کی موقعہ پر ہی موت ہوگئی جبکہ کنیز شدید طور پر زخمی ہوئی جسے نوشہرہ میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاتاہم اس نے بھی راستے میں دم توڑ دیا ۔اس حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے فو ج کے خلا ف نعرے بازی کی اور خاطی ڈرائیور کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے نوشہرہ ۔لام سڑک بھی بند کردی۔ اس دوران تحصیلدار قلعہ درہال نے موقعہ پر پہنچ کر کارروائی کا یقین دلایا جس پر لوگ پرامن طور پر منتشر ہوئے اور تین گھنٹے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی ۔ وہیں پولیس نے فوجی گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لیکر گاڑی ضبط کرلی ہے ۔دریں اثناء جموں کے چھنی ہمت علاقے میں گزشتہ رات ٹماٹروں سے لداہواایک ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر دکان کے اندر گھس گیا جس کے نتیجہ میں 2افراد لقمہ اجل بنے جبکہ 1زخمی ہوا۔پولیس کے مطابق یہ ٹرک پنجاب سے آرہاتھا جس سے سبزی منڈی نڑوال میں ٹماٹر اتارے جانے تھے تاہم چھنی ہمت کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہرہوکرایک اے ٹی ایم محافظ کو زخمی کرتے ہوئے ٹرک ایک دکان کے اندر گھس گیا ۔اس حادثے میں ٹرک کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر دونوں زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاجہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔ بعد میں قانونی لوازمات ادا کرکے نعشوں کو ورثاء کے حوالے کیاگیا۔مہلوکین میں سے ایک کی شناخت ترلوک سنگھ ولد نارانجن سنگھ ساکن پنجاب کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دوسرے کی شناخت نہیں ہوپائی ۔اس سلسلے میں پولیس نے ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔