تازہ ترین

مزید خبریں

18 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک

آیوشمان بھارت کے تحت 25 ہزار مریض مستفید 

۔ 55فیصد گولڈن کارڈ فراہم کرنے کیلئے 31؍ اگست کی ڈیڈ لائن مقرر

سر ی نگر//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ڈپٹی کمشنروں اور چیف میڈیکل افسروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریاست میں فلیگ شپ صحت بیمہ سکیم آیوشمان بھارت ۔ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم، ڈائریکٹر سکمز صورہ ، پرنسپل جی ایم سی سری نگر، پرنسپل جی ایم سی جموں،سی ای او سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی آیوشمان بھارت کے علاوہ دیگر کئی عہدہ دار بھی موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے تمام 6.30لاکھ مستحق کنبوں کو اس سکیم کے دائرے میںلانے پر زور دیتے ہوئے سکیم کے 55فیصد گولڈن کارڈ تقسیم کرنے کے لئے 31؍ اگست 2019ء کی ڈیڈ لائن مقرر کی ۔اب تک 57 فیصد مستحق کنبوں کے 37فیصد اہل افراد میں گولڈ ن کارڈ تقسیم کئے گئے ہیں اور 25,000 مستحقین نے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں بشمول سکمز صورہ ، جی ایم سی جموں اور جی ایم سی سری نگر سے اس سکیم کے فوائد حاصل کئے ہیں۔چیف سیکرٹری نے ضلع وار بنیادوں پر اُن مریضوں کے بارے  میں بھی تفصیلات حاصل کی ہے جنہوں نے اس سکیم کے فوائد حاصل کئے ہیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں اور چیف میڈیکل افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ درج شدہ ہسپتالوں میں جانے والے سکیم کے مستحقین کو فوائد ملیں۔آیوشمان بھارت کے تحت ہربرس ایک کنبے کو پانچ لاکھ روپے کا صحت بیمہ ملتا ہے ۔ریاست میں آیوشمان بھارت سے استفادہ کرنے والے کنبوں کی تعداد 6.30 لاکھ ہیں ۔مریض درج شدہ سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں اس سکیم کے تحت مفت طبی امداد حاصل کرسکتے ہیں۔ریاست میں 127 سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کو اس سکیم کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
 
 
 

میونسپل کمیٹی پلوامہ کا کارنامہ | بستی کے نزدیک ہی کوڑا کرکٹ پھینک دیا

وہی بگ میں احتجاج اور پرتشدد مظاہرے،1زخمی

پلوامہ//سید اعجاز//وہیبگ پلوامہ میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے بستی میں کوڑا کر کٹپھینکنے کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے جس دوران پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئی جس میں ایک نوجوان زخمی ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق پلوامہ کے وہی بگ علاقے میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے کوڑا کرکٹ کا ڈھیربستی کے نزدیک پھینکنے کے خلاف مقامی لوگ سڑکوں پر آئے اور احتجاج شروع کیا جس دوران کچھ نوجوانوں نے پتھراو بھی کیاجسے قابو کرنے کیلئیگاڑی کی حفاظت پر ماموراہلکاروں نے آنسو گیس کے گولوںاور پیلٹ کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوا ۔اس دوران نوجوان کو فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا ۔ 
 
 
 
 

کٹھوعہ میں 14 سالہ لڑکی سے جنسی زیادتی ،2 گرفتار

جموں //پولیس نے کٹھوعہ میں 14سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے پر دوافراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ محمد اقبال اور بابو دین ساکنان سدروتہ لوہائی ملہار کو لڑکی کے والد کی طرف سے اس کے گھر میں جنسی زیادتی کرنے کی شکایت پر گرفتار کیاگیاہے ۔شکایت کنندہ کے مطابق گزشتہ ہفتے اس کی بیٹی کے ساتھ اس وقت جنسی زیادتی کی گئی جب وہ گھر میں اکیلی تھی ۔پولیس افسر نے بتایاکہ اس سلسلے میں پاسکو ایکٹ (پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکچول افنسز)کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ لڑکی کی طبی تشخیص بھی کروائی گئی ہے تاہم اس کی رپورٹ کا انتظار ہے جبکہ متاثرہ کا بیان مجسٹریٹ کے سامنے قلمبند کروایاگیاہے۔
 
 
 

ٹھاٹھری میں خاتون دریائے چنا ب میں غرقآب

بھدرواہ //طاہر ندیم خان //ڈوڈہ کی 31سالہ خاتون نے ٹھاٹھری علاقے میں دریائے چناب پر بنے برشالہ پل سے چھلانگ لگاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا ۔ایس ایچ او ٹھاٹھری سریش گوتم کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح 9بج کر 45منٹ پر پیش آیا جب عینی شاہدین نے خاتون کو پل کے اوپر سے دریا میں چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے بتایاکہ یہ بظاہر خود کشی کا واقعہ لگتاہے تاہم پولیس تحقیقات کررہی ہے ۔ایس ایچ او ٹھاٹھری کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور خاتون کی دریا میں تلاش شروع کی گئی لیکن ابھی تک نعش بازیاب نہیں ہوسکی ہے البتہ تلاشی کادائرہ 15کلو میٹر دورپریم نگر تک پھیلادیاگیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ ابھی تک خاتون کی طرف سے انتہائی سخت اقدام اٹھانے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔اس خاتون کی شناخت 31سالہ پروینہ بیگم زوجہ عاشق حسین ساکن کلوتریاں گندوہ ضلع ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے 
 
 
 

پن بجلی وسائل کو بروئے کار لایاجائے :شرما

سر ی نگر// گورنر کے مشیر کے کے شرما نے ریاست کے پن بجلی وسائل کو مکمل طور بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح سے جموں وکشمیر بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت ریاست میں روز گار کے مواقعوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ بجلی کی کمی کے مسائل سے بھی نمٹا جاسکے گا۔مشیر موصوف جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن( جے کے ایس پی ڈی سی) کی منیجمنٹ اینڈ فائنانس سب کمیٹی کی7 ویں میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔میٹنگ کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس پی ڈی سی نے جاری مختلف پروجیکٹوں کی عمل آوری کے علاوہ پی ڈی سی کے مستقبل کے پروگراموں کی تفصیلات پیش کیں۔مشیر موصوف نے ریاست میں پن بجلی کو ترقی دینے کے سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سیکٹر کی ترقی کے کافی امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر کوہدایت دی کہ وہ ان پروجیکٹوں سے وابستہ معاملات کی طرف فوری توجہ دیں اور اس بات کو ذاتی طو رپر یقینی بنائیں کہ ہر پروجیکٹ مقررہ معیاد کے اندر مکمل کیا جاسکے۔کے کے شرما نے کہا کہ ریاست میں پن بجلی کی پیداوار کی طرف توجہ دینے کی بدولت جموں وکشمیر کی کلہم سماجی و اقتصادی ترقی یقینی بنائی جاسکے گی۔مشیر نے ہدایت دی کہ کمیٹی کی میٹنگیں ضروری فیصلہ جات لینے کے لئے مقررہ وقت پر منعقد کی جانی چاہئیں۔انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر پی ڈی سی کو ہدایت دی کہ وہ کارپوریشن کے اندرونی نظام کو مستحکم بناتے ہوئے مختلف بجلی پروجیکٹوں کی وقت پر منظوری یقینی بنائیں۔جے کے ایس پی ڈی سی کی طرف سے بجلی کی فروخت کے معاملے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کارپوریشن پرزور دیا کہ وہ پاور کی تجارت کو منظم طریقے سے چلانے کے اقدامات کریں۔نئے اور جاری پاور پروجیکٹوں پر سیر حاصل بحث کے دوران مشیر موصوف نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کارپوریشن کو سائنسی اور پیشہ وارانہ طریقے پر چلاتے ہوئے ادارے کو استحکام بخشیں۔میٹنگ کے دوران پرنائی ایچ ای پی، داہ ایچ ای پی پر جاری کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا ۔ مشیر موصوف نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ان پروجیکٹوں کے کام میں تیزی لائیں اور ان کی تکمیل کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔چنینی۔1 ایچ ای پی، ایل اے ایچ ای پی، گاندر بل یو ایس ایچ پی سیکنڈ کنگن اور یو ایس ایچ پی۔1 سُمبل کی تعمیر نو اور ان میں جدیدیت لانے کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کا بھی جائیزہ لیا گیا۔مشیر موصوف نے پی ایم ڈی پی کے تحت چلائے جارہے پروجیکٹوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ 900 میگاواٹ بغلیار ایچ ای پی کی بجلی کی پیداوار اور اس کے رکھ رکھاؤ کے معاملات بھی میٹنگ میں زیر بحث لائے گئے۔میٹنگ میں پلاننگ ، ڈیولپمنٹ اور مونیٹرنگ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر سیکرٹری / منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس پی ڈی سی ہردیش کمار سنگھ، ڈائریکٹر فائنانس اوپیندر جیت سنگھ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر بجلی پی آر انگو رالہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سول میر محمد شاہنوار اور جے کے ایس پی ڈی سی کے کمپنی سیکرٹری سنیل گپتا موجود تھے۔
 
 
 

این سی لیڈر شپ بس اقتدار کی طلبگار

اصولوں کے ساتھ ہمیشہ سودا کیا گیا:وکیل

سرینگر//پیوپلز کانفرنس کے سینئرنائب صدر اور سابق وزیر عبدالغنی وکیل نے نیشنل کانفرنس لیڈر شپ پر الزام لگایا ہے کہ وہ اقتدار کے حصول کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اور وہ بات اس وقت عیاں ہوئی جب انہوں نے 2013میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا اور عمرعبداللہ وزریر خارجہ بنے اور دنیا کو کہہ رہے  تھے کہ کشمیر مسئلہ کچھ نہیں ہے اور یہاں کوئی زیادتی نہیں ہورہی ہے ۔اتنا ہی نہیں بلکہ عمرعبداللہ اس وقت وزارت کے عہدے سے دستبردار نہیں ہوئے۔جب بی جے پی سرکار نے خود مختاری کے حوالے سے قرار داد مسترد کردی ۔نیشنل کانفرنس کی لیڈر شپ کو اقتدار کی ہوس اس وقت بھی صاف عیاں ہوئی جب گورنر راج نافذ ہوا تو فاروق عبداللہ اور عمرعبداللہ نے پی ڈی پی کے ساتھ تمام تلخیاں بھلا کر آناً فاناً پی ڈی پی کو سرکار بنانے کے لئے حمائت کا اعلان کیا حالانکہ نیشنل کانفرنس لیڈر شپ سالوں سے محبوبہ سرکار کو ہر محاذ پر ناکامی کا الزام لگاتے آئے تھے۔ عبدالغنی وکیل چکلو اور نوگام رفیع آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کاش این سی ۔پی ڈی پی اور کانگریس نے کشمیر مسئلہ کے حل کے لئے آج تک اتحاد کیا ہوتا تو مسئلہ کشمیر کب کا حل ہوا ہوتا۔ہزاروں جانیں تلف نہیں ہوتی سینکڑوں نوجوان آنکھوں کی رشنی سے محروم نہیں ہوتے۔سینکڑوں نوجوان غائب نہیں ہوتے اور وادی میں موجودہ تباہ کن صورتحال نہیں ہوتی۔ان تینوں جماتوں نے دہلی سے لیکر کشمیر تک اقتدار اور خاندانی راج قائم رکھنے کو ہمیشہ ترجیح دی اور اس طرح لوٹ کھسوٹ ،کنبہ پروری اور اقربا پروری کو فروغ دینے میں کوئی کمی نہیں رکھی اور اپنے منشور خود مختاری اور سلف رول کو پاؤں تلے روندتے رہے او عوام کو بیوقوف بناتے رہے۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام آنے والے اسمبلی انتخابات میں ان تینوں جماعتوں کو ایسا سبق سکھائیں کہ وہ دوبارہ استحصال کرنے کی ہمت نہ کر سکیں۔میٹنگوں سے اور لوگوں کے علاوہ سینئر لیڈر خورشید احمد خان نے بھی خطاب کیا۔اور عوام پر زور دیا کہ وہ استحصالی قوتوں سے بھی خبردار رہے۔
 
 
 

پی ڈی پی لیڈر گورنر کے مشیر سے ملاقی

 سرینگر//پی ڈی پی کے نوجوان رہنما انجینئرنظیراحمدیتو نے یہاں گورنر کے مشیر خورشیداحمدگنائی کے ساتھ ملاقات کے دوران انہیں چرارشریف اور چاڈورہ علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ایک بیان میں یتو نے کہا کہ میٹنگ کے دوران گورنر کے مشیرسے انہوں نے ناگام سے ہفرو اورچاڈورہ سے پانزن تک سڑک پر میکڈم بچھانے کامطالبہ کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے چادورہ میں بس اسٹینڈ قائم کرنے کا معاملہ بھی مشیر موصوف کی نوٹس میں لایا۔
 
 
 
 
 
 
 

 بڈگام، سرینگر اور کپواڑہ میں پیش آئے واقعات 

خواتین کمیشن نے واقعات کے تعلق سے سمن جاری کئے

سر ینگر// خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق ریاستی کمیشن نے بڈگام، سرینگر اور کپواڑہ اضلاع میں پیش آئے الگ الگ واقعات کے تعلق سے سمن جاری کرتے ہوئے متعلقین کو کمیشن کے سامنے حاضری ہونے کی ہدایت دی ہے۔بڈگام ضلع میں پی ایم ایس ماگرے پورہ ایک استانی کے شوہر نے زونل ایجوکیشن افسر کے دفتر میں اپنی اہلیہ کے ڈاکٹری نسخوں کے ساتھ رخصتی کی درخواست دی جس پر زیڈ ای او کے عملے نے درخواست قبول کرنے سے انکار کیا۔ایک اور واقع میں کمیشن کو ایک غیر سرکاری رضا کار تنظیم سے شکائت موصول ہوئی کہ 9 ماہ گذرنے کے باوجود سرینگر سے تعلق رکھنے والی راشدہ کی جہیز کی مانگ کے نتیجہ میں موت کی تحقیقات مکمل نہیں کی گئی ۔کمیشن نے کپواڑہ کے عمر فاروق ولد فاروق احمد ملک کے قتل کے معاملے کا بھی سنجیدہ نوٹس لیا ۔ مہلوک کے والدین نے اس معاملے کی تحقیقات میں سرعت لانے کی مانگ کی ہے۔ان معاملات کی سنجیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے خواتین کمیشن نے متعلقین کو اب تک کی کاروائی کی رپورٹ کے ساتھ کمیشن کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔
 
 

کپوارہ میںتاجروں پر11ہزارکاجرمانہ عائد 

کپوارہ// اے ڈی سی کپوارہ نے ضلع میںفوڈ سیفٹی سٹنڈارڈ ایکٹ کی خلا ف ورزیوں میں ملوث کئی دکانداروں، تاجروں اوراشیأ خوردنی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی اوراُن پرمجموعی طور پر11000روپے کا جرمانہ عائد کیا۔جرمانہ عائد کرنے کی یہ کارروائی فوڈ سیفٹی سٹینڈارڈس ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں عمل میںلائی گئی ۔اے ڈی سی نے دکانداروں اورتاجروں کو متنبہ کیا کہ وہ آئندہ ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے مرتکب نہ ہوں۔
 
 
 

گورنر کے نئے مشیر فاروق خان کو وسیع تجربہ حاصل  

پی ایچ ڈی چیمبر نے خیر مقدم کیا،تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی
 سرینگر// پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز نے ریاستی گورنر کے نئے مشیر فاروق احمد خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر انتظامیہ کی طرف سے زمینی سطح پر بہتر انتظامیہ کی فراہمی اور مطلوبہ تبدیلیوں میں چیمبر تعاون فرہم کرے گی۔ پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے کشمیر چپٹر کے سربراہ مشتاق احمد چایا نے اس قدم کو ترقی یافتہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ موصوف ان لوگوں میںسے ہیں،جنہیں انتظامیہ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موصوف نے مرکزی اور ریاستی سطح پر انتظامیہ میں اہم عہدے سنبھالے ہیںاور اس صلاحیت کا شخص اس عہدے کیلئے موزوں ہے۔مشتاق چایا نے کہا کہ تمام چیمبر کو اُن کے باہمی تعاون،طریقہ کار،،تجربے اور مہارت پر مکمل بھروسہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے مشیر بدستور ریاست کو امن و ترقی کے نقشہ راہ میں رہنمائی کریں گے اور ترقیاتی کاموں میں سرکاری فیصلوں کی عمل آوری میں فرق بھی نظر آئے گا۔پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے شریک چیئرمین بلدیو سنگھ رینہ نے کہا کہ گورنر کی بصیرت آمیز لیڈرشپ،ریاست کے تمام شعبوں کو نئی جہت دیں گی۔
 
 

ایوان صحافت کشمیر کی نومنتخب ٹیم کو حریت (ع)کی مبارکباد

سرینگر// حریت (ع) نے ایوانِ صحافت کشمیر کے الیکشن میں کامیاب ہوئے صحافیوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور عالمی سطح پر غیر جانبدارانہ اور بے باک صحافت کی مسلمہ حیثیت تسلیم کی گئی ہے ۔بیان کے مطابق ایک صحافی اپنے قلم کے ذریعہ معاشرہ اور سماج کی صحیح اور درست نمائندگی کرنے کی بھر پور کوشش کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیر میں نامساعد حالات کے باوجود ماضی میں صحافی برادری نے دیانتدارانہ طور پر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیئے اور اس ضمن میں قربانیاں بھی دی ہیں جو ہر لحاظ سے قابل سراہنا اور لائق تحسین ہیں۔بیان میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ بھی یہاں کے صحافی اس قوم کے جذبا ت اور احساسات کی ترجمانی کا فریضہ دیانتدارانہ طریقے سے انجام دیتے رہیںگے اور اس مقدس پیشے کا تقدس ہر حال میں بحال رکھیں گے۔