تازہ ترین

دہشت گردی کیلئے مالی معاونت کیس

جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید گرفتار

18 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر//پاکستانی محکمہ انسداد دہشت گردی کے حکام کا کہنا ہے کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔اطلاعات کے مطابق حافظ سعید گجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب جارہے تھے کہ انہیں گجرانوالہ کی حدود میں داخل ہوتے ہی گرفتار کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے میڈیا کو تفصیلات جاری کی جائیں گی۔خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید اور نائب امیر عبدالرحمٰن مکی سمیت13 رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ1997 کے تحت دہشت گردی کی مالی معاونت، منی لانڈرنگ کے 2 درجن سے زائد مقدمات درج کیے گئے تھے۔سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ جماعت الدعوۃ اپنے فلاحی ادارے الانفال ٹرسٹ، دعوۃ ارشاد ٹرسٹ، معاذ بن جبل ٹرسٹ وغیرہ کے ذریعے جمع ہونے والا فنڈ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ان تمام فلاحی اداروں کی تحقیقات کے بعد جماعت الدعوۃ سے تعلق کا پتہ لگنے پر اپریل کے مہینے میں ان پر اور ان کی اعلیٰ قیادت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔دو روز قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعت الدعوۃکے سربراہ اور دیگر3 پر مدرسے کی زمین غیرقانونی طور پر استعمال کرنے کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری جاری کیے تھے۔