تازہ ترین

مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر سرکاری تعطیل

جموں میونسپل کارپوریشن نے قرارداد منظور کی

19 جولائی 2019 (46 : 10 PM)   
(      )

سید امجد شاہ
جموں //جموں میونسپل کارپوریشن نے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کے موقعہ پر 23ستمبر کو سرکاری تعطیل کے مطالبے پر قرارداد منظور کی ہے ۔بھارتیہ جنتاپارٹی سے تعلق رکھنے والے وارڈ نمبر 3کے کارپوریٹر نروتم شرما کی طرف سے اس حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جسے گزشتہ روز عام اجلاس کے دوران کانگریس یا آزاد امیدواروں کی طرف سے مخالفت کے بغیر متفقہ طور پر منظور کرلیاگیا ۔واضح رہے کہ کارپوریشن میں کل 75کارپوریٹروں میں سے 43پر بی جے پی براجمان ہے جبکہ کانگریس کے ارکان کی تعداد14ہے اور18کارپوریٹر آزاد حیثیت سے نمائندگی کررہے ہیں ۔ یہ قرارداد منظور کرنے کے بعد ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کو پیش کیاجائے گا تاکہ اس پر حتمی فیصلہ لیاجاسکے ۔یہ کارپوریشن کی طرف سے دوسری ایسی متنازعہ قرارداد ہے ۔چند ماہ قبل جموں میونسپل کارپوریشن نے جموں میں مقیم روہنگیا اور بنگلہ دیشی مسلمانوں کی جموں بدری پر بھی ایک قرارداد منظور کی تھی ۔بھاجپا کارپوریٹر نروتم شرما نے بتایاکہ مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کے موقعہ پر سرکاری تعطیل کی قرارداد کو بغیر کسی مخالفت کے منظور کیاگیااوراس دوران نہ ہی کانگریس اور نہ ہی کسی آزاد امیدوارنے مخالفت کی ۔انہوں نے کہاکہ اسے اب حتمی فیصلے کیلئے گورنر ستیہ پال ملک کو روانہ کیاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ جموں کے لوگوں کے جذبات مہاراجہ ہری سنگھ کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور گورنر کو ان کے یوم پیدائش کو سرکاری تعطیل کے طور پر اعلان کرناچاہئے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ جموں میونسپل کارپوریشن کے جنرل ہائوس نے بنگلہ دیشی اور روہنگیائی مسلمانوں کی بدری پر بھی قرارداد کو منظوری دی ہے جسے گورنر کو بھیجاگیاہے۔قرارداد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر چندر موہن گپتا نے بتایاکہ جموں کے لوگوں کے جذبات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ قرارداد پاس کی گئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ وہ گورنر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرکے ان سے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر سرکاری تعطیل کا اعلان کرنے کی درخواست کریں گے ۔