تازہ ترین

ویسٹ انڈیز دورے سے الگ ہوئے دھونی، سیاچن میں کر سکتے ہیں ٹریننگ

20 جولائی 2019 (57 : 10 PM)   
(      )

نیو ڈسک
نئی دہلی /اپنے فیصلوں سے سب کو چونکانے کے لئے مشہور سابق ہندوستانی کپتان اور تجربہ کار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نے اگلے ماہ ہونے والے ویسٹ انڈیز کے دورے سے خود کو الگ کر لیا ہے اور ممکن ہے کہ اب وہ سیاچن میں فوج کے ساتھ ٹریننگ کر سکتے ہیں۔دھونی کے اس فیصلے سے سلیکٹرز کا درد سر ختم ہوگیا ہے جنہیں اب یہ فیصلہ نہیں کرنا ہوگا کہ دھونی کو ونڈیز دورے سے باہر کردیا گیا ہے ۔ سابق کپتان نے اتوار کو اس دورے کے لیے ہونے والی سلیکٹرز کی میٹنگ سے قبل ہی خود کے دستیاب نہ ہونے کی بات کہی۔ دھونی علاقائی فوج کے پیراشوٹ ریجمنٹ میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ہیں اور فوج سے ان کی محبت جگ ظاہر ہے ۔ دھونی نے ورلڈ کپ میں ہندوستان کے ابتدائی میچ میں کیپنگ کرتے ہوئے جو دستانے پہنے تھے ان پر فوج کی قربانی کی علامت بنی ہوئی تھی۔ اگرچہ آئی سی سی کے اعتراض کی وجہ سے انہیں یہ علامت ہٹانی پڑی تھی۔سابق کپتان خود کو ونڈیز دورے سے الگ کر کے اگست میں فوج میں ٹریننگ کے لئے جا سکتے ہیں۔ ایساسمجھا جا رہا ہے کہ وہ سیاچن میں ٹریننگ کر سکتے ہیں لیکن ابھی تک سرکاری طور پر واضح ہوکر کچھ بھی سامنے نہیں آیا ہے ۔