تازہ ترین

سرینگر میں ٹریفک نظام ابتر

گاڑیاں سر شام ہی غائب ،مسافر پریشان

21 جولائی 2019 (29 : 11 PM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر// شہر سرینگرمیں بے ہنگم ٹریفک کے نتیجے میں مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ناقص ٹریفک نظام کے باعث لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کیلئے سورج غروب ہونے کے بعد گاڑیاں دستیاب نہیں ہوتی ہیں۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ایک طرف بہتر حالات کے دعوے کئے جار ہے ہیں،تاہم بہتر حالات کا موازنہ اس سے اور کیا ہو سکتا ہے کہ سورج غروب ہونے سے پہلے ہی وادی کی سڑکوں سے مسافر بردار گاڑیاں غائب ہو جاتی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات سے دوچار ہوناپڑتا ہے۔ دوسری طرف ٹرانسپوٹروں کا کہنا ہے کہ شہر میں گاڑیوں کیلئے اسٹینڈئوں کی عدم دستیابی کے نتیجے میں بھی مسافروں کو مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ٹرانسپورٹ لیڈر محمد صدیق رونگا کے مطابق شہر سرینگر میں اگر باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو پانتھ چوک کے نزدیک ایک بس اسٹینڈ قائم کیا گیا ہے اور بٹہ مالو میں ایک جبکہ 407، ٹاٹا گاڑیوں، مزدا، ٹاٹا سومو ، آٹو رکشائوں اور دوسری چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کیلئے کسی بھی جگہ سٹینڈ دستیاب نہیں ہیں ۔ اعجاز احمد مٹھ نامی ایک شہری کا کہنا ہے’’ کشمیر وادی میں بہتر ٹرانسپورٹ پالیسی کیلئے کب اقدامات اٹھائے جائینگے اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا ہے اور یہ بات یقینی لگ رہی ہے کہ ٹرانسپورٹ محکمہ کی بنیادیں پوری طرح سے کھوکھلی ہو چکی ہیں۔