تازہ ترین

کپوارہ میں منشیات کی سمگلنگ کا نیا ریکارڈ

اَڑھائی برسوں میں 42کلو برائون شوگر ،3کلو ہیروئن اور 55کلو چرس ضبط ، پولیس اہلکارسمیت 88گرفتار ،8پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد

24 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اشرف چراغ
  کپوارہ//کرناہ میں منشیات ہر جگہ دستیاب ہونے کے بیچ اس بات کے سنسنی خیز اعدادوشمار سامنے آئے ہیں کہ صرف پولیس ڈسٹرکٹ کپوارہ میں گذشتہ اڑھائی برسوں کے دوران 45کلو گرام ہیروئن اور برائون شوگر بر آمد کر کے 88افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے حیرت انگیز طور پر ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ان میں سے صرف 8 افرادپر سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لایا گیا۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کپوارہ پولیس نے2017سے لیکر اب تک ضلع کے اُن علاقوں سے منشیات کی بھاری مقدار ضبط کی جو لائن آف کنٹرول کیساتھ واقع ہیں یا پھر جہاں سے لائن آف کنٹرول کے نزدیک پڑتے ہیں۔ ان میں کرناہ ،سوگام ،لال پورہ ، ٹکی پورہ، ترہگام ،کرالہ پورہ ،کیرن شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کی متواتر سپلائی سرحد پار سے کی جارہی ہے اور اسکے لئے کرناہ اور لولاب کے علاقے استعمال کئے جارہے ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ9جون 2019 کو کپوارہ میں ایک پولیس اہلکار امجد علی خان ساکن دیور لولاب سمیت6افراد سے ہیروئن ضبط کی گئی ۔ اسکے قبضے سے 950گرام ہیروئن ضبط کی گئی تھی۔اس سے قبل ہندوارہ اور بٹہ مالو میں بھی دو پولیس اہلکاروں کو ہیروئن سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس اہلکارو ں سے ہیروئن ضبط کر نے پر عوامی حلقوں میں زبردست تشویش پائی جارہی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کی نظریںکپوارہ کے ساتھ ساتھ پوری وادی پر ہے اور انہوں نے منشیات کی سپلائی ممکن بنانے کیلئے پورا نیٹ ورک بنا رکھا ہے اور نوجوان نسل کو اسکا عادی بنا کرسوچی سمجھی منصبوے کے تحت ان کا مستقبل خطرے میں ڈالا جارہا ہے ۔پولیس ڈسٹرکٹ کپوارہ میں گزشتہ اڑھائی برسوں میں88افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔یہ گرفتاریاں 2017،2018اور2019کے جون کے مہینے تک عمل میں لائی گئی ہیں۔گرفتارشدگان کی تحویل سے اب تک بھاری مقدار میں منشیات ضبط کیں گئیں جس میں 42کلو گرام برائون شوگر ،55کلو گرام چرس اور 3کلو گرام ہیروئن شامل ہے۔ان سبھی کے پاس این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 76کیس درج کئے گئے ہیں ۔پولیس کے مطابق اب تک گرفتار کئے گئے افراد میں سے8پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا ہے ۔عوامی حلقوں میں اس بات کو لیکر سخت تشویش پائی جارہی ہے کہ جہا ں عام لوگ منشیات کے کارو بار میں ملو ث ہیں وہیں اب کچھ پولیس  اہلکاربھی اس غیر قانونی دھندے میں ملو ث پائے جاتے ہیں ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کے ساتھ ساتھ عام لوگو ں کو انسداد منشیات مہم کا حصہ بننا چاہیے ،پولیس کو چایئے کہ وہ اس کاروبار میں ملو ث افراد کا پتہ لگا کر اسکی ترسیل کرنے والوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرے۔
 

جموں میں ہیروئن کی بھاری مقدار ضبط

۔3ایس پی اوز گرفتار، ایک کا تعلق کپوارہ سے

نیوز ڈیسک
 
جموں // پولیس نے جموں کے مضافات میں ایک ناکے کے دوران گاڑی کی تلاشی لیکر اس سے ہیرائن کی بھاری مقدار ضبط کی اور  3سپیشل پولیس آفیسروں کو گرفتار کیا۔ان میں سے ایک کا تعلق کپوارہ سے ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے منگل کو میران صاحب بریگیڈ روڈ علاقے میں ناکہ لگایا تھا، جس کے دوران یہاں سے ایک سوئفٹ کار زیر نمبر JK02BK/8700کو روکا اور معمول کے مطابق تلاشی لی۔تلاشی کے دوران کار میں سوار سنی ولد بوا دتا ساکن برجالا جموں کی تھویل سے 22 گرام ہیروئن،خورشید احمد عرف کلو ولد دن محمد ساکن بر جالا کی تحویل سے 26گرام ہیروئن اور جاوید احمد میر ولدغلام محمد میر ساکن کپوارہ کی تحویل سے 27گرام ہیرون ضبط کی گئی۔پوشھ تاچھ کے دوران یہ معلوم ہوا کہ یہ تینوں ایس پی اووز ہیں۔تینوں کے خلاف کیس زیر نمبر 93/2029درج کرلیا گیا ہے۔