تازہ ترین

کشمیر پر بات نہیں ہوئی

تیسرے فریق کی مداخلت خارج از امکان

25 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک

  مودی اور ٹرمپ ملاقات میں وزیر خارجہ موجود تھے،انکا بیان مستند ہے:راجناتھ سنگھ

کانگریس کا لوک سبھا میں ہنگامہ، معاملے پر وزیر اعظم کے بیان کا مطالبہ کیا

 
نئی دہلی//مرکزی سرکار نے کہا ہے کہ کشمیر معاملہ پر ثالثی کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔کشمیر پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے دئے گئے بیان پر بدھ کو بھی لوک سبھا میں جم کر ہنگامہ ہوا۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس نے سرکار کو گھیرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو ایوان میں آکر بتانا چاہئے کہ آخر ان کے اور ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان کشمیر کو لے کر کیا بات چیت ہوئی۔ہنگامہ کے درمیان وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہماری حکومت ملک کے وقار کے ساتھ کسی بھی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان سے جب کبھی بھی اس معاملہ پر بات ہوگی ، اس وقت صرف کشمیر پر ہی بات نہیں ہوگی بلکہ پورے پاکستانی مقبوضہ کشمیر پر بات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر کوئی ثالثی کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے اعتراف کیا کہ جون میں وزیر اعظم اور ڈونالڈ ٹرمپ کی ملاقات ضرور ہوئی تھی ، لیکن کشمیر معاملہ پر کوئی بات نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ کی ملاقات ہوئی تھی ، اس وقت وزیر خارجہ ایس جے شنکر وہاں پر موجود تھے۔انکا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے جو بیان دیا ہے وہ مستند ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی کوئی بھی بات سننے کیلئے تیار نہیں ہے جبکہ وزیر خارجہ پہلے ہی اس معاملہ میں اپنا بیان دے چکے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے وقت شملہ سمجھوتہ کے بعد کشمیر کا معاملہ دوطرفہ ہوگیا تھا۔ اس معاملہ پر کوئی بھی تیسرا فریق سامنے نہیں آسکتا۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے ان سے کشمیر معاملہ پر ثالثی کرنے کیلئے کہا۔ ٹرمپ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر میں مدد کرسکتا ہوں تو میں ثالث بننا پسند کروں گا۔ اگر میں مدد کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہوں تو مجھے بتائیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ مدد کیلئے تیار ہیں۔ اگر دونوں ممالک اس کیلئے کہیں۔ ٹرمپ کے اسی بیان کے بیان ہندوستان میں سیاسی ہنگامہ آرائی جاری ہے اور بدھ کو لگاتار دوسرے دن پارلیمنٹ میں ہنگامہ دیکھنے کو ملا ۔