تازہ ترین

سائیں میراں بخش ؒ کا35واں عرس اختتام پذیر

ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں کی حاضری ،ملک و ریاستی کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں

2 اگست 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

حسین محتشم
 پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں سائیں میرا بخش ؒ کے35واں عرس عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔اس تین روزہ عرس کے اختتامی روز بھی زیارت عالیہ پرعقیدت مندوں کثیر تعداد نے حاضری دی۔ اس دوران جہاں زیارت کی متصل جامع مسجد شریف میں خصوصی نعت و منقبت کی محفلیں سجائی گئیں وہی علمائے کرام نے فضیلت اولیائے کرام پر مفصل گفتگو کی۔ادھر زائرین کی جانب سے بس اڈہ تا زیارت کے لنگر تک روائتی انداز میں لکڑیاں پہنچانے کے لئے بڑے بڑے جلوس برآمد ہوتے رہے ان جلوسوں میں بڑی بڑی لکٹریاں اٹھاکر لوگوں نے گوجری اور پہاڑی زبان میں معروف شعرا کے لکھے ہوئے نعتیہ کلام گنگنا کر اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا۔ عرس کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ راہول یادو، ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال، سیاسی و سماجی لیڈران نے بھی آستانہ عالیہ سائیں میرا بخش ؒ پر حاضری دی۔ انتظامیہ کمیٹی درگاہ عالیہ سائیں میرا بخشؒ کی جانب سے زائرین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔جب کہ زیارت پر حاضری دینے والوں کے لئے تبرک کے ساتھ ساتھ لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ نماز ظہر کے بعد روائتی انداز میں اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس میں علمائے کرام کے علاوہ زیارت عالیہ کی انتظامیہ کمیٹی کے تمام ممبران اور عہدیداران نے شرکت کی۔اس دوران پوری دنیا کے ساتھ ساتھ وطن عزیز اور خصوصی طور پر ریاست جموں و کشمیر میں امن و امان کی دعائیں طلب کی گئی ۔ انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے اس دوران زیارت پر عرس کی تقریبات میں شامل ہونے والے زائرین کا شکریہ ادا کیا گیاخصوصی طور پر ضلع انتظامیہ پونچھ کا عرس کے دوران بہترین انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔