تازہ ترین

سبھی مین سٹریم پارٹیاں متحد: محبوبہ مفتی

4 اگست 2019 (00 : 12 AM)   
(   عکاسی: مبشرخان    )

نیو ڈسک
بڈگام//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کے دفاع کے حوالے سے سبھی مین اسٹریم سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر کو جن حالات کا سامنا اس وقت درپیش ہے، اُن کے تناظر میں ہمیں ہر اُس بات اور بیان سے دور رہنا ہوگا جس سے ہمارے اتحاد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ وسطی ضلع بڈگام میں میڈیا کیساتھ بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا  ’’ہم چاہتے ہیں کہ پی ڈی پی، نیشنل کانفرنس، کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ورکر متحد ہوجائیں تاکہ ہم اجتماعی طور پر کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرسکیں‘‘۔ محبوبہ مفتی نے بتایا کہ ’’دفعہ 35Aاور 370کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے جموں وکشمیر کی مین اسٹریم سیاسی پارٹیاں کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں‘‘۔جموں وکشمیر میں اُبھرتی صورتحال کے تناظر میں کل جماعتی اجلاس بلائے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پی ڈی پی صدر نے کہا کہ ’’کل جماعتی اجلاس طلب کرنا ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر منحصر ہے، وہی اجلاس کے حوالے سے تاریخ مقرر کریں گے‘‘۔ عمر عبداللہ کی جانب سے گورنر کیساتھ علیحدہ ملاقات کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ ’’فی الوقت ہم لوگ ہر اُس بیان اور الفاظ سے پرہیز کریں گے جس سے ہمارے اتحاد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو‘‘۔انہوں نے مرکزی سرکار سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ این آئی ٹی میں زیر تعلیم بیرون ریاستی طلبا کو گھروں کو جانے کی ہدایت کیوں کی گئی؟ سیاحوں اور یاتریوں کو فی الفور کشمیر چھوڑنے کو کیوں کہا گیا؟ کیوں سازگار ماحول ہونے کے باوجود یہاں فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا؟کیوں فوج اور فضائیہ کو الرٹ رکھا گیا؟ ایسے احکامات کے پیچھے کون سے محرکات کار فرما ہیں؟ ۔